رجسٹرڈ سعودی ڈرائیوروں کو 3 ماہ تک مالی معاونت دی جائے گی(فوٹو،ٹویٹر)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث معاشی مشکلات کے حوالے سے جاری خصوصی رعایتی احکامات پر وزیر ٹرانسپورٹ انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ٹرانسپورٹ سے منسلک سعودیوں کے لیے انتہائی اہم اقدام قرار دیا ہےـ
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے موجودہ صورتحال میں تمام شعبوں کے لیے عظیم الشان تعاون کا سلسلہ جاری ہے خاص طور پر شعبہ ٹرانسپورٹ اور اس سے منسلک شہریوں کے لیے بھرپورامداد بے مثال ہے،۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا گزشتہ دنوں ایوان شاہی سے جاری ہونے والے احکامات کے مطابق شعبہ ٹرانسپورٹ میں کل وقتی طور پر رجسٹرڈ سعودی کمرشل ڈرائیوروں (ٹیکسی اور بس سروس ) کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق موجودہ صورتحال میں جہاں کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی رابطوں میں دوری کے اصولوں پر سختی سے عمل کیاجارہا ہے ایسے حالات میں عوامی ٹرانسپورٹ رک گئی ہے جس کے سبب لیموزین سروس سے وابستہ سعودی معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ الجاسر نے اپنے بیان میں مزید کہا ’ایسے سعودی جن کا ذریعہ معاش ٹرانسپورٹ کا شعبہ ہی تھا انکی مدد کے لیے ایوان شاہی کی جانب سے خصوصی مراعات کا اعلان کرتے ہوئے متعدد احکامات صادر کیے ہیں جن میں سرفہرست متاثرہ سعودی ڈرائیوروں کو 3 ماہ تک خصوصی امداد فراہم کی جائے گی‘
سعودی ڈرائیوروں کو فراہم کی جانے والی امداد ایک سعودی کارکن کو دی جانے والی کم از کم تنخواہ کے مساوی ہوگی ، شعبہ ٹرانسپورٹ کے دی جانے والی دیگر مراعات میں بسوں کے روڈ پرمٹ میں ایک برس کا اضافہ کردیاجائے گاـ وہ بسیں جن کی فنی اعتبار سے انتہائی عمر10 برس مقرر کی گئی ہے اسے 11 برس تک شمار کیاجائے گاـ
واضح رہے سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جہاں بڑی تعداد میں غیر ملکی ہیں وہاں سعودی شہریوں کی بھی کمی نہیں جن کا ذریعہ معاش صرف ٹیکسی ہی ہے، شہروں کے مابین چلنے والی ٹیکسیوں کے لیے صرف سعودیوں کو ہی اجازت دی جاتی ہے جبکہ ایئرپورٹ ٹیکسی کے شعبے میں بھی مکمل سعودائزیشن ہے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے مملکت میں بھی سماجی فاصلے کے اصولوں کے تحت جہاں متعدد پابندیاں عائد کی گئی ہیں وہاں عوامی ٹرانسپورٹ بھی 20 مارچ سے بند ہے جبکہ شہروں کے درمیان سفر پر بھی پابندی عائد ہے علاوہ ازیں حرمین ریلوے سروس بھی معطل ہےـ