Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منموہن سنگھ کو دل کی تکلیف، ہسپتال منتقل

منموہن سنگھ کا 2009 میں دل کا آپریشن بھی ہو چکا ہے (فوٹو اے ایف پی)
انڈیا کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو سینے میں تکلیف کے باعث دارالحکومت دہلی کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق  کانگریس  کے رہنما اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو اتوار کی شام سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال کے کارڈیالوجی وارڈ میں داخل کر دیا گیا۔
87 سالہ سابق وزیراعظم ڈاکٹر نیٹیش سے علاج کرا رہے ہیں اور انہیں فی الحال انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
رواں سال مارچ میں منموہن سنگھ کو گرنے سے چوٹ لگی تھی جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
ان کا 2009 میں دل کا آپریشن بھی ہوچکا ہے اور وہ شوگر کے مرض میں بھی مبتلا ہیں.
منموہن سنگھ انڈین پارلیمان میں ریاست راجستھان کی نمائندگی کرتے ہیں۔
منموہن سنگھ بطور 13ویں وزیراعظم 2004 سے 2013 تک اس منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص ہیں جو انڈیا میں وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔ منموہن سنگھ نے آکسفرڈ یونیورسٹی سے معیشت میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
نومبر 2019 میں کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کے لیے وہ پاکستان بھی آئے تھے۔ پاکستان پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ راہداری کھولنے سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔
 

شیئر: