Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت پاکستان کا اندرون ملک پروازیں بحال کرنے کا اعلان

ابتدائی طور پر 20 فیصد فضائی آپریشن شروع کیا جائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
حکومت پاکستان نے 16 مئی سے اندرون ملک محدود پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
 وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے جمعے کو ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کے اجلاس میں ڈومیسٹک پروازیں بحال کرنے کا حتمی  فیصلہ ہوا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ 'سنیچر 16 مئی سے ابتدائی طور پر 20 فیصد ڈومیسٹک آپریشنز بحال کیے جائیں گے۔ فلائٹ آپریشن لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پیشاور میں شروع کیے جائیں گے۔'
ان کے بقول 'سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے 50 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی۔'
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ ہوا بازی ڈویژن کی ہر ممکن کوشش ہے کہ مسافرون کو محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'یہ فیصلہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبوں، این ڈی ایم اے، طبی ماہرین اور تمام فریقین کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ 'جہاز پر سوار ہونے سے قبل مسافر کا تھرمل گن سے درجہ حرارت چیک کیا جائے گا اور اس کی مکمل سکیننگ کی جائے گی۔'
'جب مسافر جہاز سے اتریں گے تو دوبارہ ان کا درجہ حرارت چیک کرنے کے بعد انہیں گھر بھیجا جائے گا۔'
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وجہ سے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن 21 مارچ کو معطل کر دیا تھا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: