Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'رشوت نہ دینے پر ٹیم کے لیے مسترد کیا گیا تھا'

کوہلی کا کہنا ہے کہ والد نے ان کو عمل کے ذریعے درست راستہ دکھایا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انسٹا گرام لائیو چیٹ شو ’الیون آن ٹین‘ میں انکشاف کیا ہے کہ والد کی جانب سے رشوت نہ دینے پر انہیں کرکٹ ٹیم کے لیے مسترد کر دیا گیا تھا۔
 فٹ بال سٹار سنیل چھیتری کے انسٹا گرام پر لائیو شو ’الیون آن ٹین‘ میں کرکٹر ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ایک شخص نے ٹیم میں شامل ہونے کے لیے ان کے والد سے رشوت کا مطالبہ کیا جس پر ان کے والد نے انکار کیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا ’میرے آبائی علاقے دہلی میں بعض اوقات نامناسب چیزیں بھی ہوتی ہیں۔ ایک مرتبہ ایک صاحب سیلیکشن کے معاملے میں اصولوں پر عمل نہیں کر رہے تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود میرے والد سے پیسوں کا مطالبہ کیا گیا۔
’میرے والد نے ان کو کہا اگر آپ نے ویراٹ کو منتخب کرنا ہے تو یہ میرٹ پر ہوگا، میں اضافی کچھ نہیں دوں گا۔‘
اس وقت کو یاد کرتے ہوئے وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ جب منتخب  نہیں ہوا، میں بہت رویا تھا اور ٹوٹ گیا تھا۔
’ اس واقعے نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ میں نے محسوس کیا کہ کامیاب بننے کے لیے مجھے غیر معمولی ہونا چاہیے اور اس کو میں اپنی محنت اور کوشش سے حاصل کروں گا۔‘

ویراٹ کوہلی کے مطابق کہ انہوں نے بہت محنت کی ہے (فوٹو: اے ایف ہی)

انہوں نے کہا کہ والد نے ان کو عمل کے ذریعے درست راستہ دکھایا۔ ویراٹ کوہلی کا مزید کہنا تھا کہ والد کو کھونے کے باوجود میں نے کیریئر پر توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ والد کے انتقال کے ایک دن بعد رانجی ٹرافی میچ میں بیٹنگ کی۔
’ان کی موت نے یہ احساس دلایا کہ میں نے زندگی میں کچھ کرنا ہے۔ میں سوچتا ہوں کتنا اچھا ہوتا اگر میں اپنے والد کو اچھی اور پرامن ریٹائرمنٹ کی زندگی دیتا جس کے وہ مستحق تھے۔‘
کبھی کبھی ان کے بارے میں سوچتے ہوئے جذباتی ہو جاتا ہوں۔
خیال رہے کہ کوہلی کے والد کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ اٹھارہ برس کے تھے۔

شیئر: