Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

260 افراد کو لے دو خصوصی پروازیں جدہ سے پاکستان روانہ

پی آئی اے کی دو پروازیں 260 مسافروں کو لے کر پیر کو جدہ سے پاکستان روانہ ہوگئیں۔
پہلی پرواز پی کے 8764، 130 مسافروں کو لے کر 11 بجے فیصل آباد کے لیے روانہ ہوئی۔ جبکہ دوسری پرواز پی کے 8766 بھی جدہ سے فیصل آباد کے لیے دن  ایک  بجے روانہ ہوئی۔ اس پرواز میں بھی 130 مسافر سوار  تھے۔
قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شایق احمد بھٹو نے جدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کو الوداع کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قونصل جنرل نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ اور قونصل خانہ وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں سے مستقل رابطے میں ہیں۔
پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد زیادہ تر قلیل مدتی ویزا ، حتمی اخراج اور  میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود ہے جو کورونا وبائی مرض کی وجہ سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد پاکستان واپسی کے منتظر ہیں۔
حکومت پاکستان نے سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ اپنے اپنے علاقوں میں پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے انتظامات کو مربوط کررہے ہیں۔

خصوصی فلائٹس کے لیے ٹکٹ قونصل خانے میں پی آئی اے کا عملہ جاری کرتا ہے۔

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی فلائٹس چلائی جا رہی ہیں۔
 یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ ورچوئل ٹاؤن ہال اجلاس میں سعودی عرب سے واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو مرحلہ وار وطن واپس لانے کے لیے ہفتے میں دو پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: