Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لاک ڈاون ناکام، مودی بتائیں پلان بی کیا ہے‘

راہول کا کہنا تھا کہ حکومت کی پہلی حکمت عملی ناکام ہوئی ہے.(فوٹو اے ایف پی)
کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ 21 دنوں میں کورونا کے خلاف لڑائی جیتی جائے گی لیکن 60  ہو چکے جبکہ وبا پھیل رہی ہے.
 منگل کو ورچوئل میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول کا کہنا تھا کہ ’انڈیا پہلا ملک ہے جو کورونا وائرس کے بڑھنے کے دوران لاک ڈاون میں نرمی کر رہا ہے. دنیا کے دیگر ممالک جرمنی، جاپان ، فرانس، کوریا سب نے لاک ڈاون جب ختم کیا جب وبا کم ہونا شروع ہوئی‘.
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ ’انڈیا کا لاک ڈاون ناکام ہوا ہے جو مقصد تھا وہ پورا نہیں ہوا‘.
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ’ ہم بہت احترام سےحکومت اور وزیر اعظم مودی سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اب آپ کا پلان بی کیا ہے.یہ وبا اکیس دن میں ختم نہیں ہوئی بلکہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں‘.
انہوں نے سوال کیا کہ اب حکومت کی آئندہ کی حکمت عملی کیا ہے .لاک ڈاون کو کیسے ختم کیا جائے گا.مزدوروں کی کیسے مدد کی جائے گی.کیا حکومت سمال بزنس کی مدد کرنا چاہتی ہے؟.
راہول کا کہنا تھا کہ ’سیاسی پوائنٹ سکورننگ نہیں کرنا چاہتے بلکہ مجھے گھبراہٹ ہے کہ جو کیا جانا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا.ہمیں سچائی تسلیم کرنی چاہیے‘.
’ہمیں کہا گیا تھا کہ اکیس دن میں کورونا وائرس کو ہرا دیں گے. ملک کو معلوم ہونا چاہیے کہ 60 دن ہوگئے لیکن یہ وبا دوڑتی جا رہی ہے اور کیسز بڑھ رہے ہیں‘.
انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کا ہدف حاصل نہیں ہوا. پہلی حکمت عملی ناکام ہوئی ہے.

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا متاثرین کے 6535 نئے کیسز سامنے آئے ہیں(فوٹو اے ایف پی)

کانگریسی لیڈر کا کہنا تھا کہ کورونا نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے. یہ انتباہ مارچ سے قبل ہی دے دیا تھا لیکن حکومت نے تب میری بات پر توجہ نہیں دی.انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے مضبوط اقدام کریں.
دریں اثنا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا متاثرین کے 6535 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے .
جاری اعداد وشمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں 2770 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب افراد کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کرگئی.
وزارت صحت کے ترجمان نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح  بڑھ رہی ہے جبکہ اموات کی شرح بہت کم ہے.
 

شیئر: