Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کسی نے کسی کی کردارکشی نہیں کی‘

شہروز سبزواری کی پہلی شادی سے ایک بیٹی بھی ہے (فوٹو صدف کنول)
پاکستانی اداکار جوڑے شہروز سبزواری اور صدف کنول کی شادی بھی دیگر شوبز ستاروں یا بڑے ناموں کی شادی کی طرح سوشل میڈیا پر گفتگو کا عنوان بنی ہے، البتہ اس مرتبہ توجہ صرف دلہا، دلہن تک محدود نہیں رہی بلکہ شہروز سبزواری کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف اور بیٹی کی پرورش کے لیے ان کی کاوشوں کا ذکر بھی ٹائم لائنز پر نمایاں ہے۔
چند ماہ قبل شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کے درمیان علیحدگی اور طلاق کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ جس کے بعد سائرہ یوسف کی جانب سے فروری میں باقاعدہ طور پر یہ اطلاع دی گئی تھی کہ دونوں نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنی بیٹی کے لیے ’بہتر والدین‘ رہنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے پیغام میں لوگوں اور میڈیا سے درخواست کی گئی تھی کہ ان کی ذاتی زندگیوں کا احترام کیا جائے۔
 

گزشتہ روز شہروز سبزواری اور صدف کنول کے نکاح کی خبر سامنے آئی تو سائرہ یوسف سمیت تینوں اداکاروں کے نام ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنے، بعد میں شہروز اور نئی اہلیہ کا تذکرہ فہرست میں نیچے چلا گیا البتہ سائرہ یوسف کے نام کا ٹرینڈ سرفہرست رہا۔
صدف کنول اور شہروز سبزواری نے انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس پر کمنٹس بند رکھے تو صارفین اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ان کی سابقہ پوسٹس پر ردعمل دیتے رہے۔
 

سائرہ یوسف کی جانب سے اپنے سابق شوہر اور قریبی دوست شمار کی جانے والی صدف کنول کی شادی کے معاملے پر تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ البتہ ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر گفتگو کے دوران مختلف صارفین نے کہیں دبے اور کہیں واضح طور پر شہروز سبزواری اور صدف کنول پر تنقید کی تو کچھ نے انہیں نئے رشتے کی مبارکباد دی۔
نئے جوڑے کی شادی اور سائرہ یوسف سے علیحدگی کے معاملے پر شہروز سبزواری اور صدف کنول سے ناراضگی کا اظہار کرنے والے صارفین نے غم و غصہ کا اظہار کیا، البتہ کچھ ایسے بھی تھے جو اپنے سخت الفاظ واپس لے کر دوسروں کو بھی یہی تلقین کرتے دکھائی دیے۔
 

فہیم سعید نامی صارف سمیت بہت سارے دیگر یوزرز نے شہروز سبزواری کو مخاطب کیا تو انہیں سائرہ یوسف سے علیحدگی کے معاملے پر ’بدقسمت قرار‘ دیا۔
 

عماد محمود گفتگو کا حصہ بنے تو انہوں نے لکھا ’مرد اور عورت دونوں اپنے ساتھی کے انتخاب کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے اور ان کے اہلخانہ نے اس تعلق پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ آپ لوگ کیوں دوسروں کی ذاتی زندگی میں دخل دے رہے ہیں؟‘
 

ٹیلی ویژن میزبان وقار ذکا نے اپنے تبصرے میں دوسروں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’آپ ان کے اخراجات ادا نہیں کرتے اس لیے ان کی خوشیوں کے متعلق پریشان بھی نہ ہوں۔ سائرہ یوسف نے کچھ پوسٹ کیا، نہ شہروز سبزواری اور صدف کنول نے آپ سے رائے مانگی ہے، پھر ایویں گوسپ سیشن جاری ہے۔‘
 

سیلیبریٹیز کی شادی پر ہونے والی گفتگو ان کی زندگیوں اور پرانے و نئے تعلق سے آگے بڑھ کر دیگر پہلوؤں تک بھی پہنچی۔ متعدد صارفین 2020 کے ابتدائی چھ ماہ میں سوشل میڈیا کا موضوع بننے والی شخصیات کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے اپنی یادیں تازہ کرتے رہے۔ حریم شاہ،  ماریہ بی اور صدف کنول بھی اس فہرست کا حصہ بنائی گئیں۔
 

32 سالہ سائرہ یوسف اور 34 سالہ شہروز سبزواری کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جو جوڑے میں علیحدگی کے بعد سے اپنی والدہ کے ساتھ مقیم ہیں۔ شہروز کی نئی اہلیہ کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔ 26 سالہ صدف کنول  اپنے شوہر اور ان کی سابق اہلیہ کی طرح کئی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: