Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سشانت سنگھ راجپوت نومبر میں شادی کرنے والے تھے؟

سشانت سنگھ کے گھر والے جلد مممبئی جانے والے تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا میں اتوار کو خودکشی کرنے والے 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی شادی رواں سال نومبر کے لیے طے پائی تھی۔
انڈیا کے نیوز چینل انڈیا ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سشانت سنگھ کے کزن نے لڑکی کا نام بتائے بغیر بتایا کہ آنجہانی اداکار کے اہلِ خانہ ان کی شادی کی تیاری کر رہے تھے۔ انہوں نے تقریب کے لیے جلد ممبئی آنے کا بھی ارادہ کیا تھا۔
کزن کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب چھوٹے پیمانے پر ہونا تھی جس میں صرف خاندان کے چند افراد اور دوست نے شرکت کرنا تھی۔
دوسری جانب مہاراشٹر حکومت نے ان افراد کے خلاف کارروائی کا انتباہ جاری کیا ہے جو سشانت سنگھ کی 'پریشان کن' تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔
 آن لائن جرائم کی تحقیقات کے لیے قائم ادارے مہاراشٹر سائبر نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ایسی تصاویر شیئر کرنا غیر قانونی ہے۔
 واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت اتوار کی صبح ممبئی کے مضافات میں واقع باندرا کے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
انڈین میڈیا کے مطابق وہ گذشتہ چند ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھے اور اس کا علاج کروا رہے تھے۔
ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کے مطابق انہوں کے اپنی ذہنی صحت بہتر کرنے کے لیے یوگا بھی شروع کیا ہوا تھا۔
سوشانت سنگھ راجپوت کے آباؤ و اجداد کا تعلق بہار سے تھا، وہ پٹنہ میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ممبئی میں اپنا کیریئر شروع کرنے سے قبل پٹنہ اور نئی دہلی سے تعلیم حاصل کی تھی۔

شیئر: