Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت تارکین وطن کی تعداد کو کم کرے گا

13 لاکھ غیر ملکی جو ناخواندہ ہیں یا محض پڑھ لکھ سکتے ہیں، ان کو ترجیح نہیں دی جائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کویت نے کہا کہ وہ ایک نئے قانون کے ذریعے آئندہ چند ماہ میں ملک کے اندر رہائش پذیر تارکین کی تعداد کو کم کرے گا۔
یہ بات کویت کے قومی روزنامے کویت ٹائمز نے ملک کے وزیر داخلہ انس خالد الصالح کا حوالہ دیتے ہوئے بتائی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کویت کی اسمبلی کے سپیکر مرزوق الغنیم نے کہا ہے کہ ان کا ملک مزدوروں کے بجائے ہنرمند تارکین پر توجہ دے گا اور ایسے 13 لاکھ غیر ملکی جو ناخواندہ ہیں یا محض پڑھ لکھ سکتے ہیں، ان کو ملک میں ترجیح نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ ہم ڈاکٹروں اور ہنر مند افرادی قوت کو بھرتی کرتے ہیں نہ کہ غیر ہنرمند مزدوروں کو۔ اس تعداد کو بڑھانے میں ویزہ ٹریڈرز نے تعاون کیا ہے۔'
اسمبلی کے سپیکر نے مزید کہا ہے کہ اپ گریڈ کیے گئے مسودہ قانون کے مطابق ہر سال کمپنیوں کے ذریعے بھرتی ہونے والے غیر ملکی شہریوں کی تعداد کو بھی محدود کیا جائے گا اور غیر ملکیوں کی مہارت کی بنیاد پر بھی قواعد شامل کیے جائیں گے۔
مرزوق الغنیم کے مطابق کویت کی پارلیمنٹ کا مقصد نومبر کے انتخابات سے قبل اکتوبر تک اس حوالے سے قانون سازی کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے روزنامہ گلف نیوز کے مطابق گذشتہ ماہ کویت کے وزیراعظم شیخ صباح الخالد الصباح نے ملک میں مقیم تارکین وطن کی تعداد کو 70 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی تھی۔

شیئر: