Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر میں موسلادھار بارش، ایک شہری اور بچی ہلاک

’عسیر اور جازان ریجنوں میں موسلادھار بارش کے باعث وادیاں، ندی اور نالے پانی سے بھر گیے‘ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن کے محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ سیلاب میں بہہ جانے والے ایک شخص اور بچی کی لاش ملی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے  مطابق ترجمان شہری دفاع کیپٹن محمد بن عبدہ السید نے کہا ہے کہ ’اتوار کو شام 6 بجے اطلاع ملی تھی کہ وادی عبلا میں ایک گاڑی سیلاب میں بہہ گئی ہے جس میں کچھ افراد سوار ہیں‘۔
’اطلاع ملتے ہی علاقے کے رضا کار نوجوانوں کے تعاون سے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے تلاش کے دائروں کا تعین کیا‘۔
’رات 11 بج کر 20 منٹ پر تلاشی کی کارروائی دو افراد کی لاش ملنے پر روک دی گئی، یہ ایک بالغ شخص اور اس کے ساتھ ایک بچی کی لاش تھی‘۔
’متوفین کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی تاہم آگے کی کارروائی کے لیے انہیں متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا گیا ہے‘۔
’موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق بہہ جانے والی گاڑی میں مزید افراد سوار تھے جنہیں آج پیر کو تلاش کیا جائے گا‘۔
دوسری طرف اتوار کو عسیر ریجن کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث وادیاں، ندی، نالے اور نشیبی علاقے پانی سے بھر گیے۔
محکمہ شہری دفاع نے رہائشیوں کو پر خطر مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سیلاب میں بہہ جانے والے مزید سافراد کی تلاش کے لیے آج کارروائی کی جائے گی ( فوٹو: سبق)

اسی طرح کی کیفیت جازان ریجن میں رہی جہاں اتوار کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔
ریجن کی متعدد کمشنریوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقے پانی سے بھر گیے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں