Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہماری نظر سری نگر پر ہے: وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی کے مطابق پانچ اگست کے لیے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔( فوٹو پی آئی ڈی)
 پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کر کے سری نگر ہائی وے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور معاون خصوصی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ ’ فیصلہ کیا ہے کہ ہماری منزل سری نگر ہے ۔ ہماری نظر سری نگر پر ہے۔ کشمیر ہائی وے کا نام پانچ اگست سے سری نگر ہائی وے ہو جائے گا۔ یہ ہائی وے ہمیں سری نگر لے جائے گی‘۔
 وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’وہ دن دور نہیں جب سری نگر کی جامع مسجد میں پاکستانی اور کشمیری مل کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ پانچ  اگست کے لیے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ پوری قوم اور دنیا میں جہاں کہیں پاکستانی اور کشمیری بستے ہیں’ یوم استحصال‘ منائیں گے۔ 5 اگست کو تمام سفارتی مشنز میں کشمیر کے حوالے تصویری نمائشوں اور کار ریلیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ کنیڈا میں خصوصی کار ریلی ہوگی۔ سوشل میڈیا کو بھی متحرک کیا جائے گا‘۔ 
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے صدر کو 9 مراسلے ارسال کر چکا ہوں۔ لوگ کہتے ہیں ان خطوط سے کیا حاصل ہوا لیکن پاکستان کے وزیر خارجہ کا موقف تاریخ کا حصہ بن رہا ہے ۔ یہ خطوط منزل کے حصول کے لیے کردار ادا کریں گے۔مسئلہ کشمیر پر چین سمیت دوست ملکوں نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔
انہوں نے پھر واضح کیا کہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے۔ کشمیر کے معا ملے پر سفارتی کوششیں مزید تیزکریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی 120 سے زیادہ مصروفیات کشمیر کے حوالے سے ہیں اور یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا اور یہ ثابت کردیا کہ وہ کشمریوں کے سفیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ شائننگ انڈیا اب برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا ہے۔ نارتھ ایسٹ سے کشمیر تک ہر کونے میں اب آگ سلگ رہی ہے‘۔ 

5 اگست کو اسلام آباد میں صدرعارف علوی کی قیادت میں یکجہتی مارچ ہوگا۔(فوٹو پی آئی ڈی)

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ’ نائن الیون کے بعد ترجیحات تبدیل ہوئیں۔ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو بھی شکست دی۔ افغانستان میں مصالحتی عمل میں بھی ہمارا اہم کردار ہے‘۔
 افغانستان سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ ’عید کے موقع پر افغانستان میں جنگ بندی خوش آئند ہے۔افغانستان میں جنگ بندی کے تناظر میں قیدیوں کی رہائی ہوگی اور وہاں جلد امن قائم ہوگا‘۔
اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ’کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھرپور انداز سے کریں گے۔عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جو بھی اقدامات اٹھائے ہیں ان کا مقصد کشمیریوں کا مقدمہ لڑنا ہے‘۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اقدامات کا مقصد کشمیریوں کا مقدمہ لڑنا ہے۔(فوٹو پی آئی ڈی)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹرمعید یوسف نے کہا کہ ’5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے۔ یہ واضح ہو جائے گا کہ پاکستان نے کشمیریوں کو کبھی نہیں بھولا بلکہ مزید آگے بڑھے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست کو صبح ایک منٹ کی خاموشی کے بعد اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی قیادت میں یکجہتی مارچ ہوگا۔ صوبائی دارالحکومتوں جبکہ مظفرآباد میں بھی یکجہتی مارچ ہوگا جس کی قیادت صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کریں گے۔وزایراظم عمران خان آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے ۔

شیئر: