Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رگبی میچ میں کھلاڑی کا چاقُو سے حملہ

حملے میں ایک کھلاڑی اور دو تماشائی زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: ان سپلیش)
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں رگبی لیگ کے میچ کے دوران ایک کھلاڑی نے چاقو سے حملہ کر دیا جس میں حریف کھلاڑی اور دو تماشائی زخمی ہوئے ہیں۔
آسٹریلوی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیر کو ہونے ہوالے اس حملے کے بعد  پولیس نے ایک بیس سالہ شخص کو نظم و ضبط خراب کرنے اور جسمانی ایذا پہنچانے کے الزام میں تحویل میں لے لیا ہے۔
حملے میں ایک انیس سالہ کھلاڑی اور دو تماشائی زخمی ہوئے ہیں جن کی عمریں 16 اور 22 سال بتائی گئی ہیں۔ زخمیوں کا علاج ویسٹ میڈ ہسپتال میں جاری ہے۔
سڈنی میں رگبی کا کمیونٹی لیول میچ دو انڈر ٹوئنٹی مقامی ٹیموں کے درمیان جاری تھا کہ ایک کھلاڑی نے حریف ٹیم کے رکن پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
نیو ساؤتھ ویلز رگبی لیگ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ ٹروڈن نے اس واقعے کو بدترین مجرمانہ رویہ قرار دیا ہے۔
ڈیوڈ ٹروڈن کا کہنا تھا کہ کمیونٹی لیول پر منعقد ہونے والے کھیلوں کے میچز میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ ماحول کو محفوظ بنایا جائے۔
نیو ساؤتھ ویلز ایمبولینس انسپیکٹر نیتھن شیرٹن نے بتایا کہ زخمیوں کی زندگی بچانے کے لیے طبی امداد دے دی گئی تھی۔
ایمبولینس انسپیکٹر نیتھن شیرٹن نے  بیان میں مزید کہا کہ جب ایمبولینس کا عملہ موقع پر پہنچا تو گراؤنڈ میں انتہائی خوفناک منظر تھا اور زخمیوں پر بہت ظالمانہ طریقے سے حملہ کیا گیا تھا۔
پولیس کی تحقیقات پوری ہونے تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ معطل رہے گا۔

شیئر: