Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سونونگم پاکستانی بچی کی پرفارمنس سے متاثر

سونو نگم پاکستانی بچی ہادیہ ہاشمی کی پرفارمنس سے متاثر ہوئے تو اس کا اظہار بھی کیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
معروف انڈین گلوکار سونو نگم نے کچھ عرصہ قبل پیش کیے گئے ایک گانے میں کم سن پاکستانی بچی کو پرفارم کرتے دیکھا تو اس کے انداز سے اتنے متاثر ہوئے کہ ’جذباتی ہونے‘ کا اعتراف کر ڈالا۔
پاکستانی چائلڈ ووکلسٹ ہادیہ ہاشمی اس وقت اپنے فن کی وجہ سے زیر بحث آئی تھیں جب انہوں نے گذشتہ برس پاکستانی میوزک بینڈ ’سوچ دی بینڈ‘ کے گانے ’بول ہو‘ میں پرفارم کیا تھا۔
سونو نگم نے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اپنے وی لاگ میں ہادیہ ہاشمی کی پرفارمنس کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ’اتنا اچھا سنے ہوئے اب خاصا وقت ہو گیا تھا‘۔
انڈین گلوکار اور میوزک کمپوزر نے اپنا دو منٹ دورانیے سے زائد کا وی لاگ انسٹاگرام پر شیئر کیا تو ان کے قریب دیوار پر لگے ٹیلی ویژن پر ہادیہ ہاشمی و دیگر کا گانا ’بول ہو‘ چل رہا تھا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Sonu Nigam (@sonunigamofficial) on

پاکستانی بینڈ کے گانے ’بول ہو‘ کی تعریف کرتے ہوئے سونو نگم نے کہا کہ جاوید جعفری نے یہ گانا مجھے بھیجا تھا، پہلے بھی سنا لیکن آج بہتر طریقے سے سنا ہے‘۔
انہوں نے موجودہ دور کے میوزک سے اس گانے کا تقابل کیا تو کہا کہ ’آج بھی کسی کو جذباتی کر دینے والے گانے کمپوز کیے جا سکتے ہیں‘۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر انتہائی جذباتی کیفیت کا اظہار کرنے والے سونو نگم نے کہا کہ ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ممکن ہو گا لیکن یہ ہوا ہے‘۔ اس موقع پر انہوں نے کمسن ہادیہ اور پاکستانی بینڈ کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
پاکستانی ووکلسٹس عدنان، رابی اور ہادیہ کے گانے کی تعریف کرنے پر ذوالفقار جبار خان، زلفی نے سونو نگم کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی پروڈیوسر نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے سونو نگم کے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے آٹھ سالہ ہادیہ ہاشمی اور دیگر کو مخاطب کیا تو لکھا کہ امید ہے آپ لوگ اپنے خواب سچ کرنے کے لیے اب مزید محنت کریں گے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: