Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'جیسے بھی ہیں خود سے محبت کریں'

اداکار آغا علی اور حنا الطاف حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھے ہیں (تصویر: انسٹاگرام)
کہتے ہیں کہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہت،ا اسی طرح انسان بھی ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔  شکل و صورت، رویے،  خدوخال بھی وقت کے ساتھ بدل جاتے ہیں۔
یہ فطرت کا نظام ہے کہ انسان معصوم بچے کی شکل میں دنیا میں آتا ہے پھر آہستہ آہستہ چیزیں سیکھنا شروع کرتا ہے اور اس کے بعد جوانی اور پھر بڑھاپا۔
اس دوران انسان کو کئی قسم کی جسمانی تبدیلیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جو ایک فطری عمل ہے۔
اگر اپنے اردگرد کے ماحول پر غور کیا جائے تو انسان جدت پسند ہے، ہمیشہ ایک جیسا رہنا کسے پسند ہوسکتا ہے؟ مگر شاید پاکستانی اداکار آغا علی کو موٹاپا کچھ زیادہ ہی ناپسند ہے۔
 ندا یاسر کے ساتھ  بات کرتے ہوئے  مارننگ شو میں آغا علی کی اہلیہ حنا الطاف نے بتایا کہ آغا نے حنا کو شادی سے پہلے کسی عورت کی تصویر دکھاتے ہوئے وعدہ لیا تھا کہ وہ کبھی اتنی موٹی نہیں ہوگی۔
اداکار آغا علی اور ان کی اہلیہ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے بیان کو تضحیک آمیز قرار دیا گیا۔

مزاحیہ ویڈیوز بنا کر مداحوں کو ہنسانے والے اداکار علی گل پیر نے آغا علی اور ان کی اہلیہ حنا الطاف کے وائرل بیان پر ایک ویڈیو بنا ڈالی۔ اس ویڈیو میں علی گل پیر نے اپنے موبائل میں ایک موٹاپے کا شکار ایک عورت کی تصویر بھی دکھائی۔
ٹوئٹر صارف سیدہ بشریٰ نے لکھا کہ ’بہت بہترین علی، اس کہانی کا نتیجہ یہی ہے کہ اپنے آپ میں جینا سیکھیے ہمارا اخلاق ہمارے کردار کی وضاحت کرتا ہے نہ کہ ظاہری لک ‘

جہاں صارفین نے اس مزاحیہ ویڈیو کو پسند کیا وہیں ایسے صارفین بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ یہ حنا الطاف اور آغا علی کا ذاتی معاملہ ہے اس حوالے سے گفتگو میں حصہ لینے والے ٹوئٹر صارف عامر اورنگزیب نے لکھا کہ ’جب ان کی بیگم کو اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے تو ہمیں کیوں۔’

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھایا جس پر لکھا تھا ’میں ہمیشہ ایک فیٹ شیمنگ ایڈیٹ رہوں گا۔
 علی گل پیر نے اس ویڈیو کو ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے باڈی شمینگ کی مخالفت کی اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ ’آپ جیسے بھی ہیں، خود سے محبت کریں۔
آغا علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں وضاحت کی کہ انہوں نے حنا الطاف سے غیر ضروری وزن نہ بڑھانے کا اس لیے کہا تھا کیونکہ وہ ایک اداکارہ ہیں۔

آغا علی کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی پروڈیوسر، ڈائریکٹر یا ڈرامہ لکھاری اضافی وزن والی ہیروئن کو پسند نہیں کرتا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ حنا الطاف پہلے بھی موٹی تھیں البتہ انہوں نے بہت محنت سے اپنا وزن کم کیا۔
آغا علی نے اپنی ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے اضافی وزن ہونے سے متعلق اعتراف کیا اور بتایا کہ جب ان کا وزن زیادہ ہوگیا تھا تو انہیں معاشرے کے لوگ نظر انداز کر رہے تھے۔

شیئر: