Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ میں انتخابات ملتوی

نئے کیسز سے پہلے نیوزی لینڈ نے کہا تھا کہ کورونا پر قابو پا لیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملک میں ایک ماہ کے لیے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے آکلینڈ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن پر سیاسی مخالفین اور اتحادیوں کی جانب سے دباؤ تھا کہ 19 ستمبر کے انتخابات کو آگے بڑھا جائے۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ کمیونٹی ٹرانسمیشن کے بغیر 102 دن بعد وائرس کی واپسی نے شہریوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وائرس کا پھیلاؤ کچھ لوگوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے روک سکتا ہے۔
جیسنڈا آرڈرن نے ہفتے کے آخر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور انتخابی کمیشن کے ساتھ مشاورت کے بعد انتخابات کے لیے 17 اکتوبر کا انتخاب کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ کی تبدیلی کا مطلب ہے کہ تمام فریق ان ہی شرائط کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں گے اور وہ صورت حال سے قطع نظر انتخابات کے لیے دوبارہ تاریخ آگے بھی نہیں کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد سے سیاسی جماعتوں کے پاس اگلے نو ہفتوں کا وقت ہے اور الیکشن کمیشن کے پاس بھی کافی وقت ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ انتخابات کو منعقد کیا جائے۔‘

کیسز بڑھنے سے انتخابی مہم کو عارضی طور پر معطل کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کو عارضی طور پر معطل کیا تھا۔
آکلینڈ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور اب تک آکلینڈ میں مصدقہ کیسز کی تعداد 49 ہو چکی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق وبا پھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس سے ایک ہزار 631 افراد متاثر اور ایک ہزار 531 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 22 اموات ہوئی ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے دو کروڑ 16 لاکھ 13 ہزار 183 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ سات لاکھ 74 ہزار 288 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ میں اب بھی دیگر ممالک کی نسبت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے متاثرین 54 لاکھ 3 ہزار 213 جبکہ اموات ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہیں۔ برازیل میں 33 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ اور انڈیا میں 25 لاکھ 89 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 20 سے زیادہ ہے۔

شیئر: