Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ن لیگ حکومت کے بغیر ایسے جیسے بن پانی میں مچھلی'

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف نے لندن میں علاج تو کیا ایکسرے تک نہیں کرایا (فائل فوٹو:اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو واپس لایا جائے گا۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا اور درخواست کی جائے گی کہ ان کو واپس پاکستان بھجوایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ تو جعل سازی کے ماسٹر ہیں، انہوں نے جعلی ٹیسٹ رپورٹس بنوائیں۔
 
’لندن جا کر بیٹھ گئے، علاج تو کیا انہوں نے ابھی تک ایکسرے تک نہیں کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کو جو ضمانت ملی تھی جب وہ ختم ہوئی اور ایکسٹنشن کے لیے درخواست دی گئی تو پنجاب حکومت نے ان سے میڈیکل رپورٹ مانگی، لیکن انہوں نے رپورٹ نہیں بھجوائی۔
’ہم سمجھتے ہیں کہ وقت آ گیا ہے کہ وہ واپس آئیں، اور سوالات کے جواب دیں۔‘ انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ وہ علاج کرواتے وہ کافیاں پی رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن، بلاول بھٹو کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔
’ان کا سب سے رابطہ ہے اگر نہیں ہے تو بھائی شہباز شریف کے ساتھ نہیں ہے۔‘
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ  اپوزیشن ایف اے ٹی ایف کے ایشو پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ’انہیں اس سے کوئی مطلب نہیں کہ ملک بلیک لسٹ ہو جائے یہ بس این آر او چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے ہاتھ میں پکڑے کاغذات دکھاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے ان میں موجود سینتیس میں سے چونتیس پوائنٹ تبدیل کرنے کا کہا ہے لیکن ایسا نہیں ہو گا۔

مریم نواز کے بارے میں شبلی فراز کا کہنا تھا وہ کوئی لیڈر نہیں، وراثت کی وجہ سے سیاست میں آئیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’یہ لوگ اپنے مفادات کے لیے ملکی مفادات کو قربان کر رہے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے حکومت کے بغیر ایسے ہیں جیسے پانی کے بغیر مچھلی۔
مریم نواز کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر شبلی فراز کا کہنا تھا وہ کوئی لیڈر نہیں، وراثت کی وجہ سے سیاست میں آئیں۔
اگر مریم سیاست دان ہیں تو پھر تو میں بھی بہت بڑا شاعر ہوں۔‘ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے نیب کے دفتر پر پتھراؤ کروایا اسی طرح جیسے انہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔

شیئر: