Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین: ’دو ہفتے اجتماعات سے دور رہیں‘

’وبا کے انسداد کے لیے آئندہ دو ہفتے نہایت اہم ہیں‘ ( فوٹو: سکائی نیوز)
بحرینی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ دو ہفتوں تک ہر طرح کے اجتماعات، تقریبات اور بھیڑ کی جگہوں سے دور رہیں۔
بحرینی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کام کرنے والی کمیٹی کی سفارش پر تمام رہائشیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وبا کے انسداد کے لیے آئندہ دو ہفتے نہایت اہم ہیں‘۔
دارالحکومت منامہ میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت صحت کے سیکرٹری ڈاکٹر ولید المانع نے کہا ہے کہ ’رہائشیوں کی صحت اولین ترجیح ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’گذشتہ دنوں کے دوران کورونا کے کیسز میں غیر متوقع اضافہ ہوا ہے، ہمیں امید تھی کہ تعداد کم ہوگی‘۔
’اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ لوگ تقریبات، اجتماعات اور میل ملاپ سے دور نہیں رہتے، یہی وجہ ہے کہ مریضوں کی تعداد کم ہونے کے بعد اس میں پھر اضافہ ہوا ہے‘۔
’مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت نے سکول کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے‘۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیسز میں غیر متوقع اضافہ ہوا ہے ( فوٹو: العین)

’ملک میں کاروباری مراکز کھولنے کا مطلب یہ نہیں کہ وبا ختم ہوگئی ہے یا اس کا خطرہ ٹل چکا ہے، وائرس ابھی بھی موجود ہے اور اس کے خطرے میں کوئی کمی نہیں ہوئی‘۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’ملک میں وبا کو قابو کرنے کے لیے رہائشیوں کا تعاون ضروری ہے، میل ملاپ اور ہر طرح کے اجتماعات سے دور رہا جائے، احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے‘۔

شیئر: