Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 تعلیمی ادارے بند

پاکستان میں تعلیمی ادارے تقریبا پانچ ماہ بعد کھولے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا سے نمٹنے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کہا ہے کہ وائرس سے بچاو کے لیے اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے پر ملک بھر میں 22 تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو جاری کیے گیے بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ سکولوں اور کالجز کے لیے بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جا رہی ہے اور گزشتہ 48 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا میں 16، اسلام آباد میں ایک اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پانچ تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں تعلیمی اداروں کو تقریبا پانچ ماہ بعد دو دن قبل کھولا گیا ہے۔

 

پاکستان میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد تین لاکھ سے زائد ہے جن میں سے دو لاکھ 91 ہزار 169 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 545 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس دوران چھ مریضوں کی موت واقع ہوئی جس کے بعد کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار 399 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں اس وقت کورونا کے 998 مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 102 وینٹیلیٹرز پر ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض رواں سال فروری کے اواخر میں کراچی میں سامنے آیا تھا۔

شیئر: