Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میگھن پسند نہیں، ہیری کو ’گُڈ لک‘ کہتا ہوں: صدر ٹرمپ

اس ٹی وی ٹاک شو میں پرنس ہیری اور میگھن مارکل میں سے کسی نے بھی صدر ٹرمپ کا براہ راست ذکر نہیں کیا۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو شہزادی میگھن مارکل کے امریکی انتخابات کے بارے میں حالیہ تبصرے سے خوش نظر نہیں آتے ہیں، نے کہا ہے کہ وہ سابق اداکارہ کے ’مداح نہیں رہے‘ اور ان کے شوہر پرنس ہیری کو ’گڈ لک‘ کہتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق اداکارہ اور موجودہ برطانوی شہزادی میگھن مارکل نے اے بی سی ٹی وی کے پرائم ٹائم شو میں امریکی شہریوں سے ووٹ دینے کے لیے کہا۔ انہوں نے ناظرین سے کہا کہ ’ہر چار سال بعد ہمیں بتایا جاتا ہے کہ یہ الیکشن آپ کی زندگی کا سب سے اہم الیکشن ہے۔ مگر اس بار واقعی ایسا ہے۔‘
امریکی صدر سے جب رپورٹرز نے میگھن مارکل کے تبصرے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’میں ان کا مداح نہیں ہوں۔ میں ان کے شوہر ہیری کو گڈ لک کہتا ہوں کیونکہ ان کو اس کی بہت ضرورت ہے۔‘
برطانیہ سے امریکہ منتقل ہونے کے بعد شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل پہلی بار کسی ٹی وی ٹاک شو میں نظر آئے ہیں۔
شہزادہ ہیری نے اس موقع پر کہا کہ ’جیسے نومبر قریب آ رہا ہے، یہ اہم ہے کہ ہم نفرت انگیز تقریر، غلط اطلاعات اور آن لائن منفی باتوں کو مسترد کریں۔‘
اے ایف پی کے مطابق اس ٹی وی ٹاک شو میں پرنس ہیری اور میگھن مارکل میں سے کسی نے بھی صدر ٹرمپ کا براہ راست ذکر نہیں کیا۔
شاہی جوڑے نے رواں سال کے آغاز پر برطانوی شاہی خاندان کے فرائض سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اپنے ایک سالہ بیٹے کے ہمراہ رہائش اختیار کی تھی۔
میگھن نے کہا کہ ’جب ہم ووٹ دیتے ہیں تو ہم اپنی اقدار کو اعمال میں تبدیل کرتے ہیں تاکہ ہماری آوازیں سنی جائیں۔‘
خیال رہے کہ میگھن مارکل کو ٹائم میگزین نے سال 2020 کی دنیا کی ایک سو بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
پرنس ہیری اور میگھن مارکل نے امریکہ منتقل ہونے کے بعد کہا تھا کہ وہ لوگوں کی فلاح کے لیے ایک غیر منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں