Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے مشہور پلے بیک سنگر ایس پی بالا نہیں رہے

ایس پی بالا کا کورونا کا ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا تھا لیکن سانس لینے میں دشواری کے سبب وہ وینی لیٹر پر تھے (فوٹو:سوشل میڈیا)
انڈیا کے مشہور پلے بیک سنگر ایس پی بالا سبرامنیم جمعے کو انتقال کر گئے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایس پی بالا کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 5 اگست کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی تھی اور سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں14اگست کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔
تاہم ایک ماہ بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا تھا لیکن سانس لینے میں دشواری کے سبب وہ وینی لیٹر پر تھے۔

ایس پی بالا سبرامنیم کے بیٹے چرن ایس پی بالا نے کچھ دن قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کے مداحوں کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'اب طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم پھیپھڑے کافی متاثر ہوئے ہیں اس لیے چند روز اور وینٹی لیٹر پر رہنا ہوگا۔'
74 سالہ ایس پی بالا نے سلمان خان کی کئی فلموں میں اپنی مدھر آواز کا جادو جگایا اسی لیے انہیں سلمان خان کی آواز کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔ سلمان خان نے جمعرات کو ہی اپنی ایک ٹویٹ میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

بالی وڈ انڈسٹری موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کے انتقال پر غمزدہ ہے، شوبز انڈسٹری کے فنکار ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے میوزک انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔

نامور اداکار سلمان خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں ایس پی بالا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'ایس پی بالا سر کے بارے میں سن کر دل ٹوٹ گیا ہے۔'

معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے لکھا کہ 'لیجنڈری گلوکار ایس پی بالا سبرامنیم کی موت کی افسوسناک خبر کا سن کر بہت دکھ ہوا۔ ہم بہت پُر امید تھے کہ وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔'

انڈیا کے نامور شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے ٹویٹ میں لکھا کہ 'آج ایک غیرمعمولی گلوکار ہم سے بچھڑ گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ سرگم کا سا ختم ہو گیا۔ سر ہم آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔'

بالی وڈ کے اداکار اور ہدایتکار فرحان اختر نے ٹویٹ میں لکھا کہ 'اپنی یادگار گائیکی سے جادو جگانے کا شکریہ۔'

شیئر: