Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزانہ واک کی عادت کیسے اپنائیں؟

واک نہ صرف آپ کے دل کی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ ذیابیطس کے خطرات کو بھی کم کرتی ہے (فوٹو: پِکسابے)
واک انسان کی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند سرگرمی ہے۔ اگرچہ صرف واک کرنا ورزش کرنے یا ورک آؤٹ کے برابر نہیں، تاہم اس کے باوجود یہ آپ کی جسمانی صحت کو فائدہ پہنچاتی ہے اور آپ کو تندرست، فِٹ اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں امیرکن ہارٹ ایسوسی ایشن اور قومی ادارہ صحت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روزانہ کم سے کم 30 منٹ واک آپ کے وزن کو بڑھنے سے روکتی ہے۔
واک نہ صرف آپ کے دل کی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ ذیابیطس کے خطرات کو بھی کم کرتی ہے۔
واک آپ کے مُوڈ کو ٹھیک رکھتی ہے، اس سے آپ کی ہڈیاں اور پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔  

روزانہ واک کے دورانیے میں اضافہ کیسے کیا جا سکتا ہے؟

مندرجہ ذیل 6 ٹِپس کے ذریعے آپ روزانہ کی بنیاد پر اپنی واک اور روزانہ کے سٹیپس میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

ٹِپ نمبر 1

دن میں واک کے دورانیے یا سٹیپس (قدموں کی تعداد) کو بڑھانے کے لیے آپ اپنے موبائل پر یاددہانی کے کئی الارم لگا سکتے ہیں تاکہ آپ اپنا کام کچھ دیر کے لیے چھوڑ کر مزید 500 سٹیپس چل سکیں۔

 ٹِپ نمبر 2

اس کے علاوہ اضافی واک کے لیے آپ آسانی سے دن کے شروع کے گھنٹوں میں سے کچھ وقت نکال سکتے ہیں یا پھر اپنا کام ختم کرنے کے بعد بھی واک کی جا سکتی ہے۔
کوشش کریں کہ صبح کے اوقات میں واک کی عادت اپنائیں تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔

کوشش کریں کہ صبح کے اوقات میں واک کی عادت اپنائیں تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں (فوٹو: پِکرپو)

ٹِپ نمبر 3

کچھ واک باآسانی لنچ کے اوقات میں یا کھانے کے بعد کی جا سکتی ہے۔ آپ اپنا پسندیدہ میوزک سنتے ہوئے یا کوئی اہم فون کال کرتے ہوئے دن میں 10 ہزار سٹیپس چلنے کا ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔

ٹِپ نمبر 4

آپ روزانہ کی بنیاد پر اپنے سٹیپس (قدموں) کا ریکارڈ رکھیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ آپ میں اپنے طے شدہ ہدف (یعنی آپ نے دن میں کتنے قدم چلنا کا ارادہ کر رکھا ہے) کو حاصل کرنے کے لیے تحریک ملے گی۔
اگر آپ دن بھر میں 20 منٹ کی واکنگ بریکس لیں تو آپ 24 گھنٹوں میں باآسانی 10 ہزار سٹیپس کا ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔  

ٹِپ نمبر 5

تیز واک کریں اور ایسا گول سیٹ نہ کریں جو آپ کسی مصروف دن میں حاصل نہ کرسکیں۔ آپ اپنے کمرے اور ٹیرس پر بھی واک کر سکتے ہیں۔

دن میں 10 ہزار سٹیپس چلنے کی عادت اپنائیں (فوٹو: Healthifyme)

ٹِپ نمبر 6

ہر 30 منٹ بیٹھنے کے بعد تین منٹ کے لیے پاؤں پر سیدھا کھڑے ہو جائیں، اس سے آپ کو گھنٹوں بیٹھنے کی عادت سے نجات ملے گی۔
اسی طرح کئی گھنٹوں تک بیٹھنے سے بچنے کے لیے آپ واکنگ بریکس لے سکتے ہیں۔ اس سے آپ کے سٹیپس کی تعداد اور واک کے دورانیے میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی اہم ہے کہ واک آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے ایک زبردست سرگرمی ہے۔ یہ آپ کے ذہن کو پُرسکون رکھتی ہے، اس سے کمر درد اور گھٹنوں کے درد کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں۔

شیئر: