Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا کیسز 80 لاکھ سے متجاوز

دہلی میں بدھ کو کورونا وائرس کے پانچ ہزار 673 کیسز سامنے آئے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
دارالحکومت دہلی میں گذشتہ روز پانچ ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ایک دن میں اب تک کا ریکارڈ ہے۔
ہر چند کہ کورونا وائرس کا خوف لوگوں کے دلوں سے نکلتا جا رہا ہے اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد لوگ معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے لگے ہیں، تاہم ماہرین متنبہ کر رہے ہیں کہ انڈیا میں کورونا کی وبا پھر سے زور پکڑ سکتی ہے۔

 

دہلی کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دہلی میں کورونا کی تیسری لہر آ چکی ہے لیکن اس سے انکار بھی نہیں کیا جا سکتا۔
انڈیا کی وزارت صحت نے جمعرات کو جو اعداد و شمار جاری کیے اس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 49 ہزار 881 تازہ کیسز سامنے آئے جبکہ اس کی زد میں آکر مزید 517 افراد کی موت ہو گئی۔
حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 18 دنوں میں 10 لاکھ سے زیادہ کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ صحتیابی کی شرح 90 فیصد سے زیادہ ہے اور اور مجموعی طور پر اس سے 73 لاکھ سے زیادہ افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے ابھی بھی چھ لاکھ سے زیادہ ایکٹو کیسز ہیں جو کہ مجموعی تعداد کا ساڑھے سات فیصد ہیں۔

انڈیا میں چھ لاکھ سے زیادہ ایکٹو کیسز ہیں جو مجموعی تعداد کا ساڑھے سات فیصد ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دہلی میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے پانچ ہزار 673 کیسز سامنے آئے تھے۔ اس کے بعد ریاستی صحت کے وزیر ستیندر جین نے خبررساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا  کہ 'یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ دہلی میں کووڈ-19 کا تیسرا دور آ چکا ہے۔ ہمیں اس کے لیے ایک ہفتہ مزید انتظار کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ہی ہم قطعی طور پر کچھ کہہ سکتے ہیں۔ لیکن یہ ممکن ہے کہ ہم اس مرحلے میں آ چکے ہوں۔'
خیال رہے کہ موسم سرما کی آمد اور فضائی آلودگی میں اضافے کے سبب اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملک میں اور خاص طور سے دہلی میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

شیئر: