Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن کے ’چیمپ‘ اور ’میجر‘ بھی وائٹ ہاؤس کے نئے مکین

جو بائیڈن کے پالتو کتے چیمپ اور میجر بھی ان کے ہمراہ وائٹ ہاؤس آئیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)
امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کئی تبدیلوں کے علاوہ وائٹ ہاؤس کی روایات بھی بحال کرنے کا عہد کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اتحاد، احتساب اور ہمدردی جیسے جذبات اور احساسات کی واپسی کے علاوہ وائٹ ہاؤس کے وسیع لانز میں ایک مرتبہ پھر پالتو کتے بھی دکھائی دیں گے۔
جو بائیڈن نے جرمن شیپرڈ نسل کے دو کتے پال رکھے ہیں جن میں سے ایک ریسکیو ڈاگ ہے۔
ان میں سے ایک کا نام چیمپ ہے جو صدر بائیڈن کے ساتھ سنہ 2008 سے ہے جبکہ دوسرے کا نام میجر ہے جس کو جو بائیڈن نے 2018 میں لائے تھے۔
صدیوں سے وائٹ ہاؤس کی یہی روایت رہی ہے کہ ہر نئے صدر کے ساتھ ان کا پالتو کتا بھی وائٹ ہاؤس آتا ہے۔ گذشتہ صدی سے منتخب ہونے والے صدور میں ڈونلڈ ٹرمپ واحد تھے جنہوں نے یہ روایت توڑی۔ ٹرمپ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ انتہائی صفائی پسند ہیں۔
ڈونلد ٹرمپ سے پہلے براک اوباما ’بو‘ نامی پرتگالی نسل کا کتا اپنے ساتھ وائٹ ہاؤس لائے تھے۔
جبکہ سابق صدر جارج بش کے پاس بارنی نامی سکاٹش ٹیریئر ہوتا تھا۔ بل کلنٹن کے ساتھ اکثر لیبرا ڈور نسل کا کتا دکھائی دیتا تھا جس کو وہ بڈی کہہ کر پکارتے تھے۔
صدر جو بائیڈن کی ٹیم کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ’میجر‘ وائٹ ہاؤس میں رہنے والا پہلا ریسکیو ڈاگ ہوگا۔

شیئر: