Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں قدیم خزانے کے 100 صندوق دریافت

ثاقرہ میں 12 میٹر گہری کھدائی کے بعد تین حصوں میں دریافت ہوئی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
مصر میں سال کی سب سے بڑی دریافت قدیم خزانے کے 100 صندوق ملے ہیں جو مختلف نوعیت اور حجم کے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق لکڑی کے تابوت کی طرح کے قدیم دور کے ان مہر بند صندوقوں کو دھوم دھام سے منظر عام پر لایا گیا ہے۔
یہ تابوت قاہرہ کے جنوب میں موجود ثاقرہ  میں کھدائی کے دوران تقریبا 12 میٹر کی گہرائی میں تدفین کے تین حصوں میں پائے گئے ہیں۔

ثاقرہ کے علاقے نے ابھی اپنے تمام خزانے ظاہر نہیں کیے۔(فوٹو عرب نیوز)

ثاقرہ  قدیم مصر کے دارالحکومت میمفس کا قبرستان ہے جو یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ بھی ہے۔
آثار قدیمہ کے ماہرین نے جب ایک تابوت کھولا تو اس میں چمڑے کی تہوں میں لپٹی ہوئی ممی موجود تھی جو مختلف دیگر نایاب چیزوں سے آراستہ تھا۔
ثاقرہ کے علاقے میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے بتایا ہے کہ  گذشتہ 5 سال کے عرصہ کی تلاش میں صرف ایک ماہ کی یہ سب سے بڑی دریافت ہے جو ڈھائی ہزار سال سے زیادہ قدیم ہے۔

ان مہر بند صندوقوں کو دھوم دھام سے منظر عام پر لایا گیا۔(فوٹو ٹوئٹر)

اس دریافت کے موقع پر تقریب میں مصر کے وزیر نوادرات اور سیاحت کے وزیر خالد العننی نے بتایا کہ ثاقرہ کے علاقے نے ابھی اپنے تمام خزانے ظاہر نہیں کیے۔
انہوں نے بتایا کہ کھدائی کا کام جاری ہے۔ جب بھی ہم  کوئی ایسی تلاش میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس کے آگے دوسرے سفر کا راستہ مل جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قدیم دیوتاؤں اور مختلف اقسام کے ماسک کے ساتھ  40 سے زیادہ مجسمے بھی دریافت ہوئے ہیں۔

محکمہ نوادرات کی  جانب سے ایک اور دریافت کا اعلان متوقع ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

انہیں مصر کے متعدد عجائب گھروں میں  رکھا جائےگا جس میں زیر تعمیر  گرینڈ مصری میوزیم بھی شامل ہے۔
وزیر نے حالیہ برسوں میں ثاقرہ میں  لگاتار دریافتوں کو وسیع پیمانے پر کھدائی سے منسوب کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے ہفتوں میں محکمہ نوادرات کی  جانب سے ایک اور دریافت کا اعلان متوقع ہے۔
اس موقع پر محکمہ نوادرات کی مجلس عاملہ کے سیکریٹری جنرل مصطفی وزیر نے بتایا کہ ماہرین آثار قدیمہ کو ممیوں کے لئے لکڑی کے تابوت تیار کرنے کے لئے قدیم ورکشاپ دریافت ہونے کی بھی امید ہے۔
آثار قدیمہ کی ان دریافتوں سے مصر میں سیاحت کی مزید حوصلہ افزائی ہوگی تا ہم موجودہ حالات میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث سیاحت کے شعبے کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
 

شیئر: