Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ ٹیم 16 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 16 سال بعد اگلے سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران دو ٹی20 میچ 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 12 اکتوبر 2021 کو پاکستان پہنچے گی۔ دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو انڈیا روانہ ہوں گی۔

 

پی سی بی اعلامیے کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 16 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نےمنگل کی شام  دورہ پاکستان کی تصدیق کردی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
جنوری میں کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے  اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی  ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دورہ کی تجویز پیش کی، جسے پی سی بی نے قبول کرلیا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ مہمان ٹیم نے یہاں تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
اس کے بعد پاکستان نے سال 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیٹو وسیم خان نے انگلینڈ ٹیم کے دورے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ سیزن 23-2022 میں وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ انہیں دورہ پاکستان کا اعلان کر کے خوشی ہوئی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں