Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا سے مزید 18 ہلاکتیں

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 500 سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 18 افراد ہلاک ہوئے۔
جمعرات کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے دو ہزار 547 نئے کیسز سامنے آئے۔
پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 65 ہزار 927 ہوگئی ہے۔ اس وبا سے اب تک ملک میں سات ہزار 248 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ میں جزوی طور پر بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت انفارمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کچھ ملازمین میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے جس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کے چوتھے فلور اور سائبر ونگ کو ایک روز 20 نومبر کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔
ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد 23 نومبر کو دفتر کھول دیا جائے گا۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 32 ہزار پانچ ہے۔ ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 26 ہزار 674 ہے۔
  کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 58 ہزار 559 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے اب تک دو ہزار 764 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 284 ہے جب کہ اس وبا سے اب تک دو ہزار 519 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 43 ہزار 52 اور ایک ہزار 318 اموات ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں اب تک 25 ہزار 278 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 265 ہے۔
بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 582 جب کہ اموات 157 ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پانچ ہزار 690 اور اموات 132 ہے جب کہ گلگت بلتستان میں مریض چار ہزار 482 اور اموات 93 ہیں۔

شیئر: