Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو بائیڈن کی میڈیا ٹیم خواتین پر مشتمل، ’مجھے اس انتخاب پر فخر ہے‘

جین ساکی وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری ہوں گی (فوٹو: اے ایف پی)
نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی پوری میڈیا ٹیم میں خواتین کو چُنا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ صرف خواتین کو کمیونیکیشن ٹیم کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 41 سالہ جین ساکی وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری ہوں گی جو اس سے قبل کئی دیگر اہم عہدوں کے علاوہ سابق صدر باراک اوباما کی انتظامیہ میں وائٹ ہاؤس کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر رہ چکی ہیں۔
جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ’مجھے وائٹ ہاؤس کی خواتین پر مشتمل کمیونیکیشن ٹیم کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ قابل اور تجربہ کار خواتین اپنے کام میں ماہر ہیں اور ملک کے لیے بہتر ثابت ہوں گی۔‘
جین ساکی کے علاوہ چھ دیگر خواتین کو بھی میڈیا ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے جن میں کیٹ بیڈنگفیلڈ کو وائٹ ہاؤس کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر چنا گیا ہے جو حالیہ الیکشن میں جو بائیڈن کی ڈپٹی کمپین مینیجر تھیں۔
باراک اوباما کے دور حکومت میں جب جو بائیڈن نائب صدر تھے تو اس وقت بھی کیٹ بیڈنگفیلڈ ان کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر تھیں۔
 

کیٹ بیڈنگفیلڈ کو وائٹ ہاؤس کی کمیو نیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر چنا گیا ہے (فوٹو: اے بی سی)

اس کے علاوہ ایشلے ایٹینس کو نائب صدر کملا ہیرس اور سائمن سینڈرز کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
پیلی ٹوبار کو ڈپٹی کمیونیکیشن ڈائریکٹر اور کیرئین جین وائٹ ہاؤس کی پرنسپل ڈپٹی پریس سیکرٹری ہوں گی۔
ایلزبتھ الیگزینڈر کا نام فرسٹ لیڈی جِل بائیڈن کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر سامنے آیا ہے۔

شیئر: