Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ٹیسٹ انتہائی آسان‘، سعودی ڈاکٹر کی ایجاد 

ٹیسٹ کے لیے کسی قسم کی لیبارٹری کی ضرورت نہیں ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کے سعودی سپیشلسٹ ڈاکٹر نے کورونا ٹیسٹ کا انتہائی آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔ 
کامیاب تجربے کے بعد ایجاد کو امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں رجسٹر بھی کر لیا گیا ہے۔
’اخبار24 ‘ کے مطابق شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کے سپیشلسٹ ڈاکٹر ھانی الحضرمی نے بتایا کہ کووڈ 19 وائرس کے ٹیسٹ کے لیے اب تک ’پی سی آر‘ ہی واحد معتبر ذریعہ تھا تاہم اس ٹیسٹ میں کافی وقت لگتا تھا جب کہ ٹیسٹ کرانے والے کے لیے بھی کئی دشوار گزارمراحل تھے۔

ایجاد کے ذریعہ عمرہ زائرین اور مسافروں کو کافی سہولت ہوگی(فوٹو،ایس پی اے)

ڈاکٹر ھانی نے مزید بتایا کہ جو طریقہ انہوں نے ایجاد کیا ہے اس کے ذریعے سو فیصد نتائج منٹوں میں حاصل کیے جاسکتے ہیں جب کہ اس میں لاگت بھی اتنی نہیں ہوتی۔
ٹیسٹ کےلیے جو آلہ استعمال کیاجائے گا اسے کسی بھی جگہ لے جایا جاسکتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج فوری طور پر سامنے آجاتے ہیں۔
ڈاکٹر ھانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ایجاد کردہ ڈیوائس عمرہ زائرین اور مملکت آنے والوں کےلیے کافی مفید ثابت ہوگی جس کا اہم ترین عنصر وقت ہے کیونکہ ڈیوائس فوری طور پر کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سے آگاہ کردیتی ہے۔
کورونا ٹیسٹنگ کٹ کی ایجاد کے حوالے سے ڈاکٹرھانی کا کہنا تھا کہ ’سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ یہ ایجاد مکمل طورپرہماری ہے، کسی بھی مرحلے میں ہم نے بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل نہیں کیں۔‘
ڈاکٹر ھانی الحضرمی نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنی ایجاد کو امریکی ادارے برائے ایجادت کے سامنے پیش کیا جس پر انہیں کامیابی کی سند بھی دی گئی ساتھ ہی اس ایجاد کو رجسٹرڈ بھی کرلیا گیا۔

ٹیسٹنگ کٹ عوامی مقامات پرلے جانے کی سہولت ہو گی(فوٹو، ٹوئٹر)

ٹیسٹنگ کے حوالے سے ڈاکٹر ھانی کا کہنا تھا کہ انتہائی مختصر سی ڈیوائس ہے جسے ہوائی اڈوں ، بری سرحدی چوکیوں ، بندرگاہوں ، مارکیٹس یا عوامی مقامات پر اسے رکھا جاسکتا ہے جہاں کسی کا بھی کورونا ٹیسٹ منٹوں میں کیاجاناممکن ہو گا۔

شیئر: