Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اِستری کی حفاظت اور صفائی کیسے ممکن ہے؟

نمک اور سرکے ذریعے استری کی نچلی سطح کو صاف کیا جا سکتا ہے (فوٹو: فری پک)
استری کی حفاظت اور باقاعدہ صفائی اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ استری کی تہہ میں گرد وغبار جمع ہو جاتا ہے جس سے کپڑے خراب ہوتے ہیں۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں استری کی حفاظت کے چند طریقے بتائے گئے ہیں جن میں سے ایک تو بیکنگ سوڈے کا استعمال ہے۔
ایک چمچ پانی میں دو چمچ بیکنگ سوڈا پاؤڈر ملائیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔ اس محلول کو چمچ کے ذریعے استری کی نچلی سطح پر لگا دیں اور کچھ دیر بعد گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔
روئی کے ٹکڑے کو پانی میں ڈبو کر نچوڑ لیں اور استری کی نچلی سطح پر موجود سوراخوں میں لگائیں تاکہ بیکنگ سوڈا اچھی طرح سے ہٹ جائے۔  
استری کے مکمل خشک ہونے کے بعد اس کو چلا دیں تاکہ گرم ہونے سے کسی بھی طرح کی نمی بھاپ بن کر اڑ جائے۔
اخبار کے ٓذریعے بھی استری کو صاف کیا جا سکتا ہے۔
سب سے پہلے ہاتھوں پر دستانے پہن لیں تاکہ کسی بھی قسم کی تپش سے بچا جا سکے۔ پھر استری کو لگا لیں اور گرم ہونے دیں۔ اس کے بعد اخبار سے اس کے نچلے حصے کو صاف کر لیں۔
استری کی صفائی کے لیے نیل پالش ریموور استعمال کرنے کی تجویز بھی دی جاتی ہے۔
استری کو لگا کر گرم ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد روئی کو نیل پالش ریموور میں بھگو کر جلدی سے استری کی نچلی سطح پر مار دیں۔ اس کے بعد استری کو گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔

بیکنگ سوڈا اور نیل پالش ریموور سے بھی استری کی صفائی ممکن ہے (فوٹو: فری پک)

یاد رکھیں کہ نیل پالش ریموور میں ایسیٹون ہوتا ہے جو تیزی سے بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
یہ کسی بھی چپکے ہوئے مادے کو صاف کرنے کا بہترین کام کرتا ہے۔
 سرکہ بھی استری کی صفائی کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ ایک تولیے کو سفید سرکے سے گیلا کر لیں اور استری کی پلیٹ پر اچھی طرح ماریں۔ کسی بھی قسم کی گندگی ہٹ جائے گی۔
سرکے سے صفائی کرنے کا ایک اور طریقہ بھی بتایا جاتا ہے۔ صاف تولیہ سرکے میں بھگو کر نچوڑ لیں، اس کے اوپر ٹھنڈی استری رکھ دیں اور تیس منٹ کے بعد اسے خشک کپڑے سے صاف کر لیں۔
برتن دھونے والا مائع بھی استری کی صفائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پانی کے ایک پیالے میں ڈش واشنگ مائع کے چند قطرے ڈالیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔ اس محلول میں نرم کپڑا، ٹشو یا تولیہ ہلکا سا بھگو کر استری پر لگے تمام گرد و غبار صاف کر لیں۔ 
نمک بھی اکثر چیزوں کی صفائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایک کاغذ پر کچھ مقدار میں نمک چھڑکیں اور اس پر گرم استری چلائیں۔ ایسا کرنے سے استری کی پلیٹ پر موجود تمام داغ اور دیگر مواد ہٹ جائے گا۔

شیئر: