Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمائما گولڈ سمتھ کی فلم میں سجل علی نظر آئیں گی

جمائما گولڈ سمتھ اس فلم کی پروڈیوسر ہیں اور اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی ہے (فوٹو: اے ایف پی، سجل علی ٹوئٹر)
پاکستان کی ٹی وی اور فلم کی معروف اداکارہ سجل علی، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
جمائما گولڈ سمتھ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق وہ اس فلم ’Whats love got to do with it‘ (پیار کا اس سے کیا لینا دینا) کی پروڈیوسر ہیں جبکہ اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی ہے جبکہ انڈیا سے تعلق رکھنے والے شیکھر کپور فلم کے ڈائریکٹر ہیں۔
شیکھر کپور ’مسٹر انڈیا‘ اور ’دل سے‘ جیسی فلموں کی ڈائریکشن دے چکے ہیں اور 2007 میں ان کی فلم ’الزبتھ: دی گولڈن ایج‘ آسکر ایوارڈ حاصل کر چکی ہے۔
 جمائما کی اس فلم کی شوٹنگ لندن کی مختلف لوکیشنز پر جاری ہے اور اطلاعات کے مطابق سجل علی بھی لندن میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
اس رومانوی کامیڈی فلم ’وٹس لو گاٹ ٹُو ڈُو وِد اِٹ‘ میں انڈیا کی سینیئر اداکارہ شبانہ اعظمی کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ برطانوی اداکارہ ایما تھامپسن اور لِلی جیمز اور شہزاد لطیف بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔
جمائما گولڈ سمتھ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم کی کاسٹ کی تفصیل بھی شیئر کی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اظہار خیال کیا ہے۔
 
ٹوئٹر صارف عامرہ نے سجل علی کو فلم میں کاسٹ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ’انہیں فلم کا انتظار ہے۔‘

عریبہ خان نے لکھا کہ ‘سجل علی ہمارا اثاثہ ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔‘
ایک ٹوئٹر صارف ملیل خرم نے تو جمائما کی ان کے سابق شوہر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ان کی تصویر بھی شیئر کر دی۔
ایک ٹوئٹر صارف خرم نے ازراہ مذاق کہا کہ ’آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ نواز شریف نے لندن میں ہیں۔‘

عائشہ مہناس نے جمائما کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ میں بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں، آپ دوسروں کے لیے قابل تقلید اور زبردست شخصیت ہیں۔‘

 

شیئر: