Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی قونصلیٹ نے پاکستانیوں کی امارات سے واپسی میں مدد کی

شہریار آفریدی نے اماراتی وزیر برائے ثقافت اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے بھی ملاقات کی۔ فوٹو عرب نیوز
چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ دبئی میں قائم پاکستانی قونصل خانے نے کورونا پھیلنے کے بعد سے 61 ہزار پاکستانیوں کو عرب امارات سے وطن واپس آنے میں مدد کی ہے۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں جہاں وہ دو طرفہ تعلقات اور تارکین وطن پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کا معاملہ متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گے۔
 شہریار خان آفریدی نے دبئی میں پاکستانی قونصل خانے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی ہے۔
عرب امارات میں 10 لاکھ 20 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جو سعودی عرب کے بعد پاکستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ سعودی عرب کے بعد عرب امارات سے سب سے زیادہ ترسیلات زر پاکستان کو موصول ہوتی ہیں۔
شہریار خان آفریدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے وبا کے دوران  خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا، پاکستانیوں کی مدد کر کے مثالی کردار ادا کیا ہے۔
دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل  احمد امجد علی نےکمیونٹی کی فلاح و بہبود کی غرض سے کیے گئے اقدامات سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کو آگاہ کیا۔        
دورہ عرب امارات کے دوران شہریار آفریدی نے اماراتی وزیر برائے ثقافت اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہریار آفریدی نے اماراتی وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی گزارش کی۔

شیئر: