Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیملی تقریب کے ضوابط کی خلاف ورزی، وزارت داخلہ کا پھر انتباہ

تیسری بار خلاف ورزی پر پبلک پراسیکیوشن کا سامنا کرنا ہوگا- (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو پھر تنبیہ کی ہے کہ فیملی تقریبات کے ضوابط کی خلاف ورزی پر سزا ہوگی۔ سعودی حکومت  کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے فیملی تقریبات کے سلسلے میں پابندیاں لگائے ہوئے ہے۔   
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ گھروں یا گیسٹ ہاؤسز یا زرعی فارموں یا ہٹس میں پچاس افراد سے زیادہ اہل خاندان کا جمع ہونا خلاف قانون ہے۔ ایسے افراد جو ایک ساتھ نہ رہتے ہوں ان کا کسی ایک جگہ تقریب میں جمع ہونا منع ہے۔ تقریب کے ذمہ دار یا استراحہ (گیسٹ ہاؤس) یا زرعی فارم یا ہٹس کے مالک کو مذکورہ خلاف ورزی پر پر جرمانہ ہوگا۔
پہلی خلاف ورزی پر ادارے کے مالک یا تقریب کے ذمہ دار پر دس ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ تقریب کے شرکا میں سے ہر ایک پر پانچ ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ تقریب کی دعوت دینے والے یا اس کے ذمہ دار پر پانچ ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ 
دوسری بار خلاف ورزی پر ادارے کے مالک یا ذمہ دار پر بیس ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا جبکہ تقریب میں شرکت کرنے والے یا اس کی دعوت دینے والے یا اس کے ذمہ دار پر دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ 
تیسری بار خلاف ورزی پر ادارے کے مالک یا ذمہ دار پر جرمانہ دگنا کردیا جائے گا اور اسے پبلک پراسیکیوشن کا سامنا کرنا ہوگا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے یا دعوت نامہ جاری کرنے والے یا تقریب کے ذمہ دار کو بھی پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائےگا۔ 
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اگر ادارہ پرائیویٹ سیکٹر کے ماتحت ہوگا تو دوسری بار خلاف ورزی پر ادارہ تین ماہ کے لیے سیل کردیا جائے گا اور تیسری خلاف ورزی پر ادارہ چھ ماہ کے لیے بند کردیا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: