Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبی میں بم دھماکہ، چار ایف سی اہلکار ہلاک

ایف سی کے اہلکار بم ڈسپوزل ٹیم کے ہمراہ نئی چیک پوسٹ قائم کرنے کے لیے راستہ کلیئر کررہے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی) 
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایف سی اہلکاروں کو بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکام نے واقعہ میں چار ایف سی اہلکاروں کی اموات کی تصدیق کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ سبی کے ایک اہلکار کے مطابق ’واقعہ بلوچستان کے ضلع سبی کے نواحی پہاڑی علاقے سانگان میں پیش آیا جہاں ایف سی سبی سکاﺅٹس 154 ونگ کے اہلکار بم ڈسپوزل ٹیم کے ہمراہ نئی چیک پوسٹ قائم کرنے کے لیے راستہ کلیئر کررہے تھے۔‘ 

 

اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے زمین میں چھپائے گئے دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا جس میں 9 ایف سی اہلکار نشانہ بنے۔ ان میں سے بعد ازاں چار اہلکاروں نے دم توڑ دیا۔ باقی پانچ زخمی اہلکاروں کو علاج کی غرض سے ہیلی کاپٹرکے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
سبی اور ہرنائی کے درمیان واقعہ دشوار گزار پہاڑی سلسلوں پر مشتمل سانگان کے علاقے میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز ایسے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔
یہاں کالعدم علیحدگی پسند بلوچ تنظیموں کے ٹھکانے بھی رہے ہیں۔ 2016 میں ایک بڑے آپریشن میں یہاں پاکستانی فورسز نے 8  شدت پسندوں کو ہلاک اور کئی کو گرفتار کیا تھا۔ کالعدم بی ایل اے کے سابق سربراہ اسلم اچھو بھی اس آپریشن میں شدید زخمی ہونے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

شیئر: