Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا، انگلینڈ یا آسٹریلیا: ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ کے مقابل کون؟

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کو بھاری مارجن سے شکست دی ہے (فوٹو: آئی سی سی)
کرکٹ شائقین کی دلچسپی پسندیدہ ٹیموں کے درمیان میچوں کے نتائج تک ہی محدود نہیں رہتی، بلکہ کھیل سے متعلق اعدادوشمار اور ٹیموں کی رینکنگ کا اتار چڑھاؤ بھی ان کے لیے یکساں اہمیت کا باعث رہتا ہے۔
اس وقت کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی لینے والے افراد منتظر ہیں کہ آئی سی سی کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا درجہ کسے ملنا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کس ٹیم نے نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہے؟ کا جواب تلاش کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹیموں کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت انگلینڈ، آسٹریلیا اور انڈیا تینوں ہی اس منصب کے امیدوار ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی نو ٹیموں میں اب تک کی صورت حال کے مطابق انگلینڈ 442 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ 420 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا 332 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے جب کہ انڈیا 430 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
انڈیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنی چھٹی اور آخری سیریز کھیل رہی ہیں۔ اس سیریز میں فتح و شکست ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلسٹ کے تعین میں خاصی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کو شکست دے کر جہاں فائنل سے متعلق اپنی جدوجہد کو تقویت بخشی ہے وہیں انڈین ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجائی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کے اعدادوشمار کا ذکر کرتے ہوئے آئی سی سی نے ایک ٹویٹ میں موجودہ صورتحال بیان کی تو ساتھ ہی وضاحت کی انڈیا، انگلینڈ سیریز کا کون سا نتیجہ کس ٹیم کے حق میں جائے گا۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے والی انڈین ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے اس صورت میں کوالیفائی کر سکتی ہے جب وہ مہمان سائیڈ کو دو، ایک یا تین ایک کے مارجن سے شکست دے۔
اگر انگلینڈ کو فائنل میں پہنچنا ہے تو اسے سیریز میں تین صفر، تین ایک یا چار صفر سے کامیابی حاصل کرنی ہو گی۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فائنل کی دوڑ یہاں ختم نہیں ہونی بلکہ انگلینڈ کی ایک صفر، دو صفر یا دو ایک سے حاصل کی گئی کامیابی خود اسے فائدہ دینے کے بجائے آسٹریلین ٹیم کو فائدہ پہنچائے گی۔

انگلیڈ اور انڈیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز جاری ہے۔ انگلش ٹیم نے پہلے مقابلے میں میزبان انڈین سائیڈ کو بھاری مارجن سے شکست دی ہے جس کے بعد اب شائقین کرکٹ کی نظریں باقی تین میچز کے نتائج پر مرکوز ہیں۔
رواں برس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جانا ہے۔ 2019 سے اب تک ہونے والے ٹیسٹ میچز کے نتائج اور ان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں کی کارکردگی کی بنیاد پر اس کی فائنلسٹ ٹیموں کا تعین ہونا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو، صفر کی حالیہ فتح کے بعد ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے تاہم گرین شرٹس فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کی پوزیشن حاصل کرنے کی دوڑ سے باہر ہو چکے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: