Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مریم نواز نے لندن جانے کے لیے بیک ڈور رابطے کیے‘، ن لیگ کی تردید

اس سے قبل مریم نواز نے کہا تھا کہ وہ نواز شریف کے علاج کے لیے لندن جانا چاہتی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کے لیے بیک ڈور رابطے کیے گئے ہیں۔‘
منگل کو وفاقی وزیر نے ٹویٹ میں کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے اس درخواست کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے۔‘
فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر پر طنز کے تیز چلاتے ہوئے مزید کہا کہ ’آپ تحریک کا شوق پورا کریں لیکن اس کے لیے آپ کو پاکستان میں رہنا ہو گا۔‘
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے فواد چوہدری کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ’جب مریم نواز کا پاسپورٹ ہائی کورٹ کے پاس ہے تو وہ عمران خان کو درخواست کیوں دیں گی؟
انہوں نے کہا کہ ’ فواد چوہدری نام بتائیں، کس نے اور کب بیک ڈور رابطہ کیا؟ قوم سے چھپائیں نہیں۔‘
طلال چودھری نے مزید کہا کہ ’فواد چوہدری اپنی سیاست چمکانے کے لیے مریم نواز کا نام استعمال کر رہے ہیں۔‘
اس سے قبل منگل کو ہی وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دیا ہے تاہم حکومت کی طرف سے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ’سمجھ نہیں آتی انہیں ایسی بیماریاں کیوں لاحق ہوتی ہیں جن کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ان کی ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہوسکتی لیکن وہ باہر نہیں جائیں گی۔‘
اس سے قبل مریم نواز نے دسمبر 2019 میں اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے اور لندن جانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ اس کی آخری سماعت گذشتہ برس مارچ میں ہوئی اور اس پر ابھی ہائی کورٹ کا فیصلہ آنا باقی ہے۔

شیئر: