Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ آسان طریقے جنہیں اپنا کر آپ ہر دل عزیز شخصیت بن سکتے ہیں

اپنی خوشی کی تلاش کرنے سے پہلے ہمیشہ دوسروں کی خوشی کی تلاش کیجیے۔ فوٹو: فری پِک
ہر شخص کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کے درمیان عزت والا ہو، لوگ اسے  محبوب جانیں۔ شخصیات کو بہتر بنانے اور خوبیوں کے لیے لوگ تگ و دو بھی کرتے ہیں۔ اسے حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے اپنے آپ کو قبول کرنا پڑتا ہے، جب آپ اپنی شخصیت کو قبول کر لیتے ہیں اس کے بعد اس کی اس خواہش کی تکمیل ہو سکتی ہے۔
یاد رکھیں کوئی انسان مکمل نہیں ہو سکتا، ہر کسی میں کوئی کمزوری یا عیب ہوتا ہے۔ قدرت نے ہرانسان کو دوسرے سے مختلف بنایا ہے، لوگ ایک دوسرے سے اسی وجہ سے ممتاز ہوتے ہیں۔ جب انسان اپنا احترام کرنے لگتا ہے تو وہ دوسروں کا احترام کرنا بھی سیکھتا ہے۔ یوں انسان اپنے آپ پر اعتماد کرنے لگتا ہے اور اپنے کام میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتا۔ شخصیت سنوارنے کے ماہر ڈاکٹر جمال عبدالحمید حسن نے لوگوں کے درمیان محبوب  ہونے کے گُر بتائے ہیں۔

مدد کی پیش کش کرنا

جب آپ دوسروں کی ضرورت محسوس کرتے ہیں تو  لوگ آپ کے قریب ہو جاتے ہیں، آپ ان کی مشکلات پر دھیان دیں، اور ان کے مسئلے کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے مناسب حل تلاش کرنے میں ان کی مدد کریں۔ اگر وہ آپ سے کوئی بات پوچھتے ہیں تو آپ ہچکچائے بغیر ان کی مدد کریں۔
دوسروں کا احترام: ہمیشہ دوسروں سے احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے، ان کے ساتھ نرم سلوک کرنا چاہیے، ان کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہیے جس طرح آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ سلوک کیا جائے۔ کوئی عمل کرنے سے قبل اچھی طرح سوچنا چاہیے کہ اگر ایسا ہی عمل اس کی طرف آیا تو آپ کو قابل قبول ہوگا۔
غور سے بات سننا: دوسروں سے بات کرتے وقت توجہ اور احترام کا مظاہرہ کریں، ان کی باتوں کو دھیان سے سنیں، بات میں رکاوٹ  نہ ڈالیں۔ دوسروں کی بات غور سے سننا آپ کو ان کے قریب کر دے گا۔ لوگ آپ سے بات چیت کرنے کے خواہشمند ہوں گے۔

مایوس ہوئے بغیر ہر مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش میں دوست احباب کی مدد کرنا چاہیے۔ فوٹو: فری پِک

محفل میں مثبت باتیں کرنا

لوگوں کے سامنے شکوہ و شکایات کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کیونکہ بار بار شکایت کرنے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ یہ شخص منفی سوچ کا حامل ہے۔ اس سے لوگ گھلنے ملنے سے اجتناب کرتے ہیں۔ لوگ ایسے شخص کو پسند نہیں کرتے جو ہروقت غصہ والا مزاج رکھے۔ ہر شخص کے اپنے مسائل کافی ہوتے ہیں وہ ایسی باتیں نہیں سننا چاہتا جو اسے مزید پریشان کر دیں۔ اس لیے آپ کو زندگی میں اچھی چیزوں پر توجہ دینی چاہیے، جب لوگوں کے درمیان ہوں تو ان کے ساتھ مثبت گفتگو کریں۔

باڈی لینگویج کا مثبت استعمال

دوسروں کی محبت اور پیار حاصل کرنے کا ایک سب سے اہم عامل جسمانی زبان یا باڈی لینگویج ہے۔ دوسروں کے ساتھ معاملات کرتے وقت باڈی لینگویج کو مناسب اور شائستہ رکھیے۔ گفتگو کرتے وقت مخاطب کی آنکھوں میں آنکھیں ملا کر بات کیجیے۔
مخلصانہ تعریف: دوسروں کی تعریف کرنا ا آپس کے تعلقات بڑھانے کاایک اہم ذریعہ ہے دوسروں میں  ہمیشہ مثبت پہلو تلاش کریں، ان کے اچھے کاموں کی تعریف کریں، اس سے آپ ان کے نزدیک قابل قبول  رہیں گے۔ کسی کی تعریف کرتے ہوئے جھوٹ کا سہارا مت لیں، اسی طرح حقائق سے ہٹ کر کوئی بات مت کریں۔

کسی بھی انسان کی شخصیت مکمل نہیں ہوتی مگر دوسروں سے اچھا برتاؤ ہی ہر دلعزیز بنا سکتا ہے۔ فوٹو: فری پِک

دوسروں کو اہمیت دینا

لوگوں کے درمیان عزت اور پیار حاصل کرنے  کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ ان کی زندگی کے اہم مواقع کو یاد رکھا جائے جیسے اپنے ذاتی مواقع کو یاد رکھا جاتا ہے، برسی کے موقع پر انہیں تحائف پیش کرنا۔ ان کی سالگرہ  کو یادرکھنا، اور جب ضرورت ہو تو ان کی مدد کرنا۔ان امور سے آپ  اردگرد کے لوگوں  سے اچھے تعلقات بنانے میں کامیاب  ہوجائیں گے۔
دوسروں کو ویسے قبول کریں جیسے وہ ہیں: لوگوں سے معاملات کرتے وقت  تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔ ہر فرد کی اپنی اپنی رائے اور خصوصیت ہوتی ہے، ہر کسی کواحترام کے ساتھ قبول کرنا چاہیے، انہیں تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔ آپ کو دوسروں پر بھی اپنی مرضی چلانے سے گریز کرنا چاہیے۔

محبت حاصل کرنے کے عام طریقے

1- اچھے اخلاق والا انسان بنیں، اپنی خوشی کی تلاش کرنے سے پہلے ہمیشہ دوسروں کی خوشی کی تلاش کیجیے۔ دوسروں کو خوش کرنے میں اکثر اوقات آپ کو خوشی ملتی ہے۔
2- آپ کو ہمیشہ روشن اور مثبت پہلو کی طرف دیکھنا چاہیے، جلد بازی سے بچنا چاہیے، اور مایوس ہوئے بغیر ہر مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔
3- ہر ایک کے دوست بنیں، عمر، جنس، مذہب، یا ثقافت پر دھیان نہ دیں۔

شیئر: