Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ ’فیک‘ ہے، اور یہی اس کی حقیقت ہے: عمران ہاشمی

عمران ہاشمی کی نئی فلم ’ممبئی ساگا‘ آئندہ ماہ سینیما میں دکھائی جائے گی۔ (فوٹو اے ایف پی)
بالی وڈ میں ’بولڈ‘ کردار نبھانے والے عمران ہاشمی نے اپنی ہی فلم انڈسٹری کو ’فیک‘ یعنی مصنوعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی بالی وڈ کی حقیقت ہے۔
ایک ریڈیو شو میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بالی وڈ ایک مصنوعی فلم انڈسٹری ہے، اور یہی اس کی سچائی ہے۔
عمران ہاشمی گزشتہ 20 سال سے بالی وڈ سے وابستہ ہیں اور ’بولڈ‘ کردار  نبھانے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
ریڈیو شو میں عمران ہاشمی سے جب سوال کیا گیا کہ وہ بالی وڈ کے گلیمر بھرے فنکشنز سے خود کو دور کیوں رکھتے ہیں تو انہوں نے وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری نہ تو صرف ’فیک‘ ہے بلکہ انسان کی زندگی میں اپنے پروفیشن کے علاوہ بھی سرگرمیاں ہونی چاہیے۔
عمران ہاشمی نے بتایا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت پرانے دوستوں کے ساتھ گزارتے ہیں جن کا فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے بعد اپنا باقی کا وقت بالی وڈ سے منسلک سرگرمیوں میں گزارنے کو ترجیح نہیں دیتے، ایسا کرنے سے ان کا ذہنی توازن بھی برقرار رہتا ہے۔

عمران ہاشمی بولڈ کردار نبھانے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

عمران ہاشمی آج کل اپنی نئی فلم ’ممبئی ساگا‘ کی لانچ کی تیاریاں کر رہے ہیں جو 19 مارچ کو سینیما میں دیکھائی جائے گی۔ سنجے گپتا کی اس فلم میں جان ابراہم، سنیل شیٹی اور دیگر اداکار بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
فلم ممبئی ساگا میں انڈیا کے تجارتی شہر کا بومبے سے ممبئی بننے تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ممبئی ساگا کے بعد عمران ہاشمی کا بالی وڈ لیجینڈ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’چہرہ‘ میں کردار نبھانے کا امکان ہے۔

شیئر: