Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بھر میں 15 مارچ سے سنیما اور شادی ہالز کھولنے کی اجازت

’پاکستان سپرلیگ کے چھٹے ایڈیشن میں شائقین کی تعداد میں 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 15 مارچ سے ملک بھر میں سخت ضوابط کے تحت شادی ہالز میں انڈور تقریبات کی اجازت دے دی ہے۔
بدھ کی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورت حال اور نافذ کیے گئے ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
کے بعد رات کو جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’سنیما ہالز اور مزارات بھی کھولنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔‘

 

این سی او سی نے کہا ہے کہ ’15 مارچ سے شادی کی ان ڈور تقریبات، مزارات اور سنیما ہالز کھلنے کے بعد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔‘
اعلامیے کے مطابق ’ملک بھر میں تجارتی سرگرمیوں اورتفریحی پارکوں کے لیے وقت کی حد بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15 مارچ سے ریسٹورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جس کا حتمی فیصلہ 10 مارچ کو این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
’پاکستان سپرلیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پول میچز میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پلے آف مرحلے میں 100 فیصد تماشائیوں کو میچ دیکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ماسک پہننے اور سماجی فاصلے پر عمل درآمد کی پابندی برقرار رہے گی جبکہ صورت حال کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا جائے گا۔
این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا تو صورت حال کے مطابق نرم کی گئی ان پابندیوں پر نظرثانی کی جائے گی۔‘


ریسٹورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ 10 مارچ کو این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ' صحت کے نقطہ نظر سے بلدیاتی اور کینٹ بورڈ کے انتخابات مئی کے آخر یا جون کے شروع میں کرائے کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔'
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ سنیما ہالز کو بند کر دیا گیا تھا جبکہ شادی ہالز میں انڈور تقریبات پر پابندی بھی عائد کی گئی۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ’پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد پانچ لاکھ 74 ہزار 580 ہو چکی ہے جبکہ 12 ہزار 708 اموات ہوئی ہیں۔‘

شیئر: