مال بردار بحری جہاز کے دھماکے کے پیچھے ایران ہو سکتا ہے: اسرائیلی وزیر دفاع
اتوار 28 فروری 2021 13:08
جمعے کو ہونے والے اس دھماکے میں جہاز اور اس کا عملہ محفوظ رہا ہے (فوٹو: اے پی)
اسرائیلی دفاعی وزیر نے کہا ہے کہ خلیج عمان میں اسرائیل کی ملکیت کارگو بحری جہاز میں دھماکے کے پیچھے ممکنہ طور پر ایران ہو سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مال بردار بحری جہاز ایم وی ہیلوس رے کو، جو گاڑیاں لے جا رہا تھا، 25 فروری کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے دفاع کے وزیر بینی گانٹز نے کہا کہ ایران کے قریب جہاز کی لوکیشن اس خیال کو جنم دیتی ہے کہ ایران اس کا ذمہ دار تھا لیکن پھر بھی اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معلوم تھا کہ ایران اسرائیلی اثاثوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا تھا۔
اسرائیل کے اعلیٰ دفاعی اور سیاسی رہنما اتوار کو اس معاملے پر بات چیت کریں گے۔
اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے حد پار کر لی ہے۔
جمعے کو ہونے والے اس دھماکے میں جہاز اور اس کا عملہ محفوظ رہا ہے تاہم جہاز میں سوراخ ہوئے تھے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مال بردار بحری جہاز ایم وی ہیلوس رے اتوار کو مرمت کے لیے دبئی کی بندرگاہ پہنچا۔