Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ میں اپ سیٹ کے بعد وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے۔ 
بدھ کی شب وفاقی وزرا اسد عمر، شفقت محمود، شیریں مزاری، چوہدری اور حکومتی مشیران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا لپ اپوزیشن کے قول و فعل میں تصاد ہے۔ 
انہوں نے آج کے دن کو پاکستان کی جمہوریت کے لیے افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داری نبھانا چاہیے تھی۔‘
انہوں نے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے علی حیدر گیلانی کی شکل، آواز اور حرکتیں قوم کے سامنے آئیں۔‘

 

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ویڈیو سامنے آنے کے بعد فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تو وہاں سناٹا تھا۔‘
’الیکشن  کمیشن کو تجویز دی گئی تھی کہ ٹیکنالوجی استعمال کر لی جائے تاکہ کرپشن کی راہ رکے مگر کہا گیا کہ اگلی بار ایسا کیا جائے گا اب وقت کم ہے۔‘
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو صرف چند سو بیلٹ پیپرز چھاپنا تھے، لاکھوں نہیں تھے، جو انتظام نہیں ہو سکتا تھا۔‘
انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’اس کے قول و فعل میں تضاد ہے۔‘
شاہ محمود کے مطابق ’ضمیر کے سوداگروں کے خلاف لڑائی جاری رکھیں گے اور ان کا سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے۔‘ 
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ’سینیٹ الیکشن کے رزلٹ سے عمران خان کے تمام خدشات درست ثابت ہو گئے ہیں۔ آج رات مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔‘
بدھ کو سینیٹ الیکشن کے نتائج سامنے آنے کے بعد راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے پی ڈی ایم کو سیاہ قوتوں کا ٹولہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ضمیروں کے سوداگر ہیں۔‘

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کا نتیجہ ویڈیو کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید ہے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)

شبلی فراز نے اپوزیشن کے بعض ارکان کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک لانے کے حوالے سے کہا کہ ’ان کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے، کس منہ، کس کردار سے وہ اس قسم کی باتیں کرتے ہیں۔‘
انہوں نے منگل کے روز یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی سامنے آنے والی ویڈیو کے حوالے سے کہا کہ ’الیکشن کا نتیجہ ویڈیو کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید ہے۔‘
سرکاری نتیجہ آنے سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ’اسلام آباد کے الیکشن میں سات ووٹ مسترد ہوئے۔ پانچ ووٹوں کا فرق ہے، ہم اس نتیجے کو چیلنج کریں گے۔

شیئر: