Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دس نمازی کورونا میں مبتلا، مزید 8 مساجد عارضی طور پر بند

گزشتہ 29 روز میں بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 236 ہو گئی ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے سعودی عرب کے تین علاقوں میں دس نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے پر 8 مساجد عارضی  طور پر بند کی ہیں۔
گزشتہ 29 روز کے دوران بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 236 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 224 سینیٹائزنگ اور صحت و سلامتی کے انتظامات کے بعد پر کھول دی گئی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور  نے پیر کو بیان میں کہا کہ بند کی جانے والی 8 مساجد کا تعلق ریاض ریجن، ایک کا مدینہ منورہ ریجن اور ایک کا تبوک ریجن سے ہے۔
وزارت اسلامی امور نے بتایا ہے کہ مزید 6 مساجد کھولی گئی ہیں۔ ان میں سے دو کا تعلق تبوک ریجن، دو کا مکہ مکرمہ  ریجن، ایک کا القصیم ریجن اور ایک کا الشرقیہ ریجن سے ہے۔
  ان مساجد میں سینیٹائزنگ، اصلاح و مرمت اور صحت و سلامتی کے تمام انتظامات مکمل  کرلیے گئے تھے۔
وزارت اسلامی امور نے نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے کہا ہے کہ وہ مساجد آنے والوں کی صحت و سلامتی کے لیے مقرر کورونا ایس او پیز کی  سختی سے پابندی کریں۔
وزارت اسلامی امور نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوئی خامی یا لاپروائی نظر آئے تو پہلی فرصت میں 1933 پر رابطہ کرکے مطلع کریں۔

شیئر: