Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بحریہ کے سربراہ کی بحرین کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو رائل بحرین نیول فورسز کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا (فوٹو: نیوی)
پاکستان کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ سمیت دیگر عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ان دنوں بحرین کے سرکاری دورے پر ہیں۔
اعلامیے کے مطابق انہوں نے کمانڈر نیشنل گارڈ کے میجر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ، کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز ریئر ایڈمرل محمد یوسف الاسلام اور ڈپٹی کمانڈریو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈ کے ریئرایڈمرل کرٹ رینشاؤ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
رائل بحرین نیول فورسز کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر کمانڈر بحرین نیول فورسز نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور رائل بحرین نیول فورسز کی استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے دوران بحری سکیورٹی اور باہمی دفاعی تعلقات کے امور زیر بحث آئے۔
نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولزاور بحر ہند میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
بحرینی حکام کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی بحریہ کے کردار کو سراہا گیا۔ بعدازاں نیول چیف نے  ڈپٹی کمانڈریو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈر ریئر ایڈمرل کرٹ رینشاؤ سے بھی ملاقات کی اور سمندری دفاع کی مشترکہ ذمہ داری کے حوالے سے بات چیت کی۔
نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے دفاعی تعاون میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

شیئر: