Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا امریکہ میں سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

گوگل زیادہ تر سرمایہ کاری اپنے ڈیٹا سینٹرز میں کرے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے امریکی معیشیت کی بحالی میں مدد کے لیے سات ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری اور ہزاروں نوکریوں کی تخلیق کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو گوگل کے چیف ایگزیگٹو سندر پچائی نے کہا ہے کہ ’اس سے رواں سال امریکہ میں کم از کم 10 ہزار گوگل کی نوکریاں تخلیق ہوں گی۔‘
زیادہ تر سرمایہ کاری ڈیٹا سنٹرز میں کی جائے گی جو گوگل کی انٹرنیٹ ریسرچ، ای میلز اور وبا کے دوران پھیلنے والی دوسری سروسز میں کام آتے ہیں۔
سندر پچائی کا کہنا ہے کہ ’ گوگل امریکی معیشیت کی وبا سے بحالی کا حصہ بننا چاہتا ہے اور کچھ ایسی کمیونٹیز میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جو کمپنی کے لیے نئی ہیں۔ اس کے ساتھ گوگل 19 دوسری ریاستوں میں بھی اپنی توسیع کر رہا ہے۔‘
گوگل ایک ارب ڈالر کیلیفورنیا میں خرچ کرے گا جکہ اٹلانٹا، واشنگٹن ڈی سی، شگاگو اور نیویارک میں ہزاروں نوکریاں تخلیق کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اینٹی ٹرسٹ نافذ کرنے والے ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کے معاشی شعبوں میں بڑھتے ہوئے غلبے کے خلاف جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔
ان ٹیکنالوجی کمپنیوں کا غلبہ وبا کے دوران زیادہ پھیلا ہے کیونکہ بہت سارے لوگ اب آن لائن سروسز استعمال کر رہے ہیں۔
گوگل کے خلاف امریکہ اور دوسرے ممالک میں تحقیقات ہو رہی ہیں۔ اس حوالے سے سب سے بڑا مقدمہ گذشتہ سال اکتوبر میں امریکی حکومت نے دائر کیا تھا جس میں گوگل پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے آئن لائن سرچ اور اشتہارات میں ’غیرقانونی اجارہ داری‘ قائم کی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ گذشتہ سال دسمبر میں درجنوں امریکی ریاستوں نے گوگل کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس میں اس پر مسابقت کو ختم کرنے کے لیے انٹرنیٹ سرچ کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
گوگل کی کمپنی الفابیٹ کے منافع میں گذشتہ سال 40 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

شیئر: