Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عید پر عوام کو فلمیں، ڈرامے اور تفریحی پروگرام دکھائے جائیں‘

وزارت داخلہ کے مطابق ’عید کی چھٹیوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر 8 سے 16 مئی تک چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعے کے روز جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق این سی او سی نے عید کی تعطیلات کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ 
نوٹی فیکیشن کے مطابق 10 سے 15 مئی تک عید کی چھٹیاں ہوں گی جس کا واضح مقصد عوام کی ملک گیر نقل و حمل کو کم کرنا ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ ’گھر رہو محفوظ رہو‘ کی حکمتِ عملی پر عمل کریں۔‘
نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’ٹی وی چینلز عید کی چھٹیوں کے دوران خصوصی پروگرام، فلمیں، ڈرامے اور تفریحی شو وغیرہ پیش کریں تاکہ عوام گھروں میں رہیں۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’عید کی چھٹیوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔‘
یکم مئی کو یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع اور نماز عید کے حوالے سے تفصیلی ایس او پیز جاری کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ چاند رات پر وہ بازار جہاں مہندی، جیولری اور کپڑوں کے سٹالز شامل ہیں، بند رہیں گے۔ 
 8 سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔ سیاحتی مقامات کے قریب موجود تمام ٹورسٹ ریزورٹس، پبلک پارکس اور ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔
تمام مارکیٹیں، دکانیں اور کاروبار بند رہے گا تاہم کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں، گروسری سٹورز، میڈیکل سٹورز، بیکریاں، ہوم ڈیلیوری، گیس سلنڈرز کی دکانیں، پیٹرول پمپس وغیرہ کھلے رہیں گے۔
اس کے علاوہ سیاحتی مقامات کو جانے والے راستے بھی بند رہیں گے۔ اس حوالے سے مری، گلیات، سوات، کالام، گلگت بلتستان اور سی ویو پر خصوصی توجہ مرکوز رہے گی۔

عیدالفطر کے موقع پر تمام تفریحی مقامات کو بند رکھا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

صرف گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے مقامی افراد کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت ہو گی۔
عید کی تعطیلات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گی جبکہ نجی گاڑیاں، ٹیکسیاں اور رکشے صرف 50 فیصد سواریوں کے ساتھ سڑکوں پر آسکیں گے۔
این سی او سی کی جانب سے شہریوں پر ایک بار پھر زور دیا گیا کہ وہ وائرس سے بچنے کے لیے گھروں پر رہیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران بھی یہی طریقہ کار اختیار کریں۔

شیئر: