Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کی چینی سفیر سے ملاقات، ’اقتصادی زونز کی ترقی میں ہر مسئلے کا حل‘

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں ہرمسئلے کا حل موجود ہے۔ (فوٹو: ویڈیو گریپ)
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے جمعرات کو اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے گئے اور چین کے سفیر نوننگ رانگ سے تفصیلی ملاقات کی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چین کے سفیر نونگ رانگ کی پاکستان میں تعیناتی کے بعد شہبازشریف سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔ شہبازشریف نے سفیر نوننگ رانگ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارک دی۔
شہباز شریف کے ساتھ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سینیٹر مشاہد حسین سید اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب بھی تھیں۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چین کو پاکستان کا حقیقی اور بااعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہاکہ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کی مثالی دوستی معاشی شراکت داری کے گہرے رشتے میں تبدیل ہوئی۔ ’دونوں ممالک کی دوستی اور گہرے تاریخی تعلقات میں یہ ایک نئے دور کا آغاز تھا۔‘
شہبازشریف نے چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہر مشکل میں پاکستان اور پاکستانیوں کے ساتھ مدد کرنے کی تابندہ روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے کورونا کی مہلک وبا میں چین نے بھرپور مدد کی۔
شہبازشریف نے کہاکہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور سوچ کے تحت سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ پاکستان اور چین ہی نہیں پورے خطے اور دنیا کے لئے عظیم ثمرات کا حامل ہے۔ ’صدر شی جن پنگ کی پختہ سوچ اور سی پیک کے لیے نوازشریف کی قیادت کی دوراندیشی لائق تحسین ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کی اس دواندیشی اور دانائی کے ثمرات پورے خطے اور دونوں ممالک کے عوام کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ 2015 میں صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے ساتھ معاہدے پردستخط کیے تھے جبکہ نوازشریف کی قیادت میں 2018 تک ان منصوبہ جات میں سے زیادہ ترتقریبا مکمل ہوچکے تھے یا تکمیل کے قریب تھے۔‘
شہبازشریف نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے قابل مذمت حملے میں چین کے سفیر محفوظ رہے۔ یہ دونوں ممالک کے بردرانہ تعلقات کو پٹڑی سے اتارنے کی سازش تھی۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں ہرمسئلے کا حل موجود ہے۔ اس کے لئے ہمیں دن رات کی محنت سے کام کرنا ہوگا۔

چینی سفیر نے شہباز شریف کو کمیونسٹ پارٹی چائنا کے قیام کی 100 ویں سالگرہ کی تقاریب میں شرکت کی دعوت دی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چین کے سفیر نونگ رانگ نے شہبازشریف کی چینی سفارت خانے آمد پر خیرمقدم کیا اور انہیں اور ان کے ہمراہ آنے والے رہنماوں کو خوش آمدید کہا۔
بیان کے مطابق چینی سفیر نے کہا شہباز شریف کی بطور وزیراعلی پنجاب کارکردگی، عوامی وترقیاتی منصوبہ جات کے لئے کاوشیں انتہائی متاثر کن اور لائق تحسین رہی ہیں۔
’نونگ رانگ نے کہا کہ وہ خود بھی چین میں مئیر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ لہذا اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں وہ شہبازشریف کے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی رفتار اور کارکردگی کو سراہے بغیر نہیں رہ سکتے۔‘
چینی سفیر نے شہباز شریف کو کمیونسٹ پارٹی چائنا کے قیام کی 100 ویں سالگرہ کی تقاریب میں شرکت کی دعوت دی۔ یہ تقریب جولائی کے اوائل میں چین میں منعقد ہوگی۔

شیئر: