Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خشک جلد کو عید سے پہلے پہلے کس طرح تر و تازہ بنائیں؟

چند ترکیبوں سے چہرے کی خشک جلد کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے (فوٹو: العربیہ)
کچھ عملی اقدامات اور فطرتی ترکیبوں سے چہرے کی خشک جلد کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق زیادہ گرم پانی چہرے پر ڈالنے سے پرہیز اور سورج کی شعاعوں سے براہ راست  بچنے کے ساتھ نیچے دی گئی ان ترکیبوں کے استعمال سے عید سے قبل چہرے کی خشکی کو کنٹرول کرکے اس کی رونق کو بحال کیا جا سکتا ہے۔

بادام اور دلیے کا مرکب

بادام اور دلیہ کا ماسک چہرے کی جلد کو نرم اور تروتازہ بناتا ہے۔ بادام کی گِری کے چھ دانے رات کو پانی میں بھگو دیں، صبح ان کے چھلکے اتارنے کے بعد پیس لیں، پھر اس میں دو چمچ دلیہ اور دوچمچ دہی ڈال لیں اور ایک چمچ شہد شامل کرلیں، پھر ان کو اچھی طرح مکس کر لیں۔
چہرے کو اچھی طرح دھو کر یہ  مرکب پونے گھنٹے تک چہرے پر لگائے رکھیں۔ چہرے کی جلد کو نرم رکھنے کے لیے ہفتے میں دو بار اس کو چہرے پر لگائیں۔

چنے کا پاؤڈر اورعرق گلاب کا مرکب

چنے کا پاؤڈر اور عرق گلاب کا مرکب چہرے کی رنگت کو نکھارنے میں معاون ہوتا ہے۔ چنے کے پاؤڈر کے دوچمچ میں ایک چمچ عرق گلاب ملالیں اس میں چند قطرے زیتون کے تیل کے شامل کرلیں۔ چہرے کو اچھی طرح دھونے کے بعد یہ مرکب بیس منٹ تک کے لیے چہرے پر لگائیں۔ یہ عمل تین دن تک مسلسل دوہرائیں۔

قدرتی اشیا پر مشتمل ماسکس چہرے کی تروتازگی لوٹا سکتے ہیں (فوٹو: انسپلیش)

بکری کے مکھن کا مرکب

چہرے کی جلد خشک ہو جائے تو وہ حساس ہوجاتی ہے۔ اسے بہت زیادہ حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے، نرم اور رطوبت والی اشیا اس کے لیے مفید ہوتی ہیں۔
ایک کپ بکری کے مکھن میں تھوڑا سا گرم پانی شامل کرلیں، اس میں دو چمچ ایواکاڈو شامل کرلیں اور بیس قطرے عرق گلاب  ملا لیں۔ اس مرکب کو کسی شیشے کی چیز میں محفوظ کر لیں اور روزانہ اسے چند منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں۔

دودھ اور شہد کا مرکب

دیگر جلدوں کے مقابلے میں خشک جلد سے تازگی جلدی زائل ہوتی ہے۔ اس کی چمک کو دوبارہ حاصل کرنے میں مدد کے لیے ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ ایک مرکب تیار کیا جائے جس میں دو کھانے کے چمچ مائع دودھ ، دو چمچ شہد اور چند قطرے لیموں کا رس شامل ہوں۔ اس مرکب کو اچھی طرح چہرہ دھونے کے بعد 10 منٹ تک  لگائیں۔ یہ مرکب ضرورت پڑنے پر بار بار لگایا جا سکتا ہے۔

جلد خشک ہو جائے تو حساس ہو جاتی ہے اس لیے زیادہ حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے (فوٹو: انسپلیش)

پودینے کے پتوں کا مرکب

تازہ پودینے کے پتے خشک جلد کی دیکھ بھال اور اس کی بحالی کے لیے بڑے موثر  ہوتے ہیں۔ پودینے کے چند پتوں میں ایک چمچ شہد اور دو کھانے کے چمچ دہی شامل کریں، پھر ان چیزوں کو اچھی طرح سے ملا لیں۔ چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھونے کے بعد یہ مرکب پندرہ منٹ تک چہرے پر لگائیں۔ ہفتے میں دو سے تین بار اس عمل کو دوہرایا جا سکتا ہے۔

شیئر: