Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں سعودی شہری کے قتل کے مجرم کو سزائے موت 

سزائے موت کے فیصلے کی توثیق سپریم کورٹ نے بھی کردی تھی(فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے’ ہموطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر سعودی شہری کو طائف میں موت کی سزا دی گئی ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ  نے بیان میں کہا کہ’ مقامی شہری عادل احمد الزہرانی نے اپنے ہموطن عبدالقادر بن ھجاد الزہرانی کو چھری سے حملہ کرکے ہلاک کیا تھا‘۔
 بیان میں کہا گیا کہ’ پولیس نے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران اقبال جرم کیا۔ اس کا کیس جنرل کورٹ میں بھیج دیا گیا۔ عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنائی تھی‘۔ 
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ موت کی سزا پرعمل درآمد مقتول کے وارثوں کے نابالغ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔ بالغ ہونے پر وارثوں نے موت کی سزا پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا جس پر فیصلہ نافذ کردیا گیا‘۔ 
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’سزائے موت کے فیصلے کی توثیق اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی کردی تھی جبکہ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا‘۔ 

شیئر: