Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل، فلسطین کشیدگی: حماس کے عہدیدار جلد جنگ بندی کے لیے پرامید

جرمن وزیر خارجہ نے اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا کہا ہے۔ فوٹو اے پی
حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ اگلے ایک یا دو دن میں غزہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی امید ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے عہدیدار موسیٰ ابو مرزوق نے لبنان کے ایک ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ جنگ بندی سے متعلق جاری کوششیں کامیاب ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے ایک یا دو دن کے اندر جنگ بندی کی امید ہے، اور جنگ بندی باہمی معاہدے کی بنیاد پر ہوگی۔‘
اسرائیلی پبلک ریڈیو پر جب انٹیلیجنس وزیر ایلی کوہن سے سوال کیا گیا کہ جمعے کے روز سے جنگ بندی کا آغاز ہو جائے گا، تو انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یقیناً دباؤ کا سامنا ہے، لیکن آپریشن تب ہی ختم ہوگا جب اسرائیلی حکومت فیصلہ کر لے گی کہ اس نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔
مصر کے ایک عہدیدار کے مطابق ثالثوں کی مداخلت کے بعد دونوں فریقین نے جنگ بندی کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ کشیدگی میں کمی لائی جائے۔
نیتن یاہو نے بدھ کے روز صدر جو بائیڈن کو ٹیلی فون پر بتایا تھا کہ اسرائیل کا مقصد مستقبل میں حماس کو محاذ آرائی سے روکنا ہے۔

حالیہ لڑائی میں اب تک 228 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

الجزیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے اقوامِ متحدہ کے نمائندے ٹور وینزلینڈ نے حماس کے رہنما اسماعیلی ہنیہ سے قطر میں ملاقات کی ہے۔
دوسری جانب جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس نے اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا کہا ہے۔  جمعرات کو اسرائیل کے دورے کے دوران جرمن وزیر خارجہ نے کہا وہ اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے آئے ہیں۔
’اسرائیل کو وسیع پیمانے پر ہونے والے ناقابل قبول حملوں کے خلاف اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔‘
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح اسرائیل نے غزہ پر دوبارہ فضائی حملے کیے تھے تاہم گزشتہ روز کے مقابلے میں حملوں کی تعداد اور شدت میں کمی آئی ہے۔
10 مئی کو شروع ہونے والی لڑائی کے بعد سے 228 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جس نے غزہ میں انسانی بحران کھڑا کر دیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق غزہ سے ہونے والے فضائی حملوں میں اس کے 12 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: