Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان، پہلا میچ 9 جون کو

ابو ظبی میں پی ایس ایل میچوں سے قبل ٹیموں کے تربیتی سیشن کا آغاز ہو چکا ہے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ 20 میچز 9 سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابو ظبی میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 25 جون کو دورہ انگلینڈ پر مانچسٹر روانہ ہوجائے گی۔
پی سی بی کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق 21 اور 22 جون کو کوالیفائر اور ایلیمنیٹرز مرحلے کے مقابلے ہوں گے جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 24 جون کو کھیلا جائے گا۔
ابوظبی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل سکس کے بقیہ 20 میچوں میں مجموعی طور پر چھ ڈبل ہیڈرز شامل ہیں۔ ڈبل ہیڈرز کا پہلا میچ متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق شام پانچ بجے (پاکستانی وقت کے مطابق چھ بجے) اور دوسرا رات 10 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجے) شروع ہوگا۔
پی ایس ایل سکس کے دوران جس روز صرف ایک میچ ہو گا، اس دن میچ کا آغاز یو اے ای کے وقت کے مطابق رات آٹھ (پاکستانی وقت کے مطابق نو بجے) ہو گا۔
نئے شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر 15 واں اور ابوظبی میں پہلا میچ نو جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

متعدد مرتبہ اعلانات کے باوجود پی ایس ایل کے باقی میچوں میں تاخیر کی وجہ بیان کرتے ہوئے پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’ایونٹ کے آغاز میں تاخیر ایسے لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے ہوئی جو بورڈ کے کنٹرول سے باہر تھے۔‘
اسلام آبا د یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نے بدھ کے روز شیخ زید سٹیڈیم ابو ظبی میں ٹریننگ کی، ایونٹ میں شریک باقی چار ٹیمیں جمعرات سے تربیتی سیشنز کا آغاز کریں گی۔ جن کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف نے اپنی سات روزہ روم آئسولیشن مکمل کرلی ہے اور ان کے تینوں پی سی آر ٹیسٹ کے رزلٹ منفی آئے ہیں، انہیں ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔

دورہ انگلینڈ کے شیڈول میں تبدیلی

پی سی بی نے کھلاڑیوں،فرنچائزز، ایونٹ اورکمرشل پارٹنرز کی سہولت کے پیش نظر اس شیڈول کو قابل عمل بنانے کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے اسکواڈ کو 25 جون کو انگلینڈ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔
قومی اسکواڈ میں شامل  کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف 25 جون کو یو اے ای سے مانچسٹر روانہ ہوں گے، جہاں سے وہ ڈربی پہنچ کر ضروری قرنطینہ اور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم چھ جولائی کو ڈربی سے کارڈف پہنچے گی، جہاں وہ آٹھ جولائی کو سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ  کھیلے گی۔

پی ایس ایل 6 کا نیا شیڈول:  

3 تا 8 جون: پریکٹس سیشنز
9 جون: لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ
10 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز
پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز
11 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
12 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی
13 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ لاہور قلندرز
ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی
14 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز
15 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہورقلندرز
پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز
16 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
17 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی
کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز
 18 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز
19 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز
ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ
20 جون: پریکٹس
21 جون: کوالیفائر (پوائنٹس ٹیبل پر پہلی بمقابلہ دوسری پوزیشن والی ٹیم )
 ایلیمینیٹر 1 (پوائنٹس ٹیبل پر تیسری بمقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم)
22 جون: ایلیمینیٹر 2 (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1کی فاتح ٹیم)
23 جون: آرام/ٹریننگ
24 جون: فائنل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ’پی ایس ایل سکس کے بقیہ 20 میچز کی ابو ظبی میں میزبانی ہماری لیگ کے مستحکم ہونے کی واضح علامت ہے، پی ایس ایل اپنے آغاز سے ہی متعدد چیلنجز سے نمٹ کر بہتر اور مضبوط بن کر ابھر رہی ہے۔‘

پی ایس ایل 7 کہاں؟

انہوں نے کہا کہ ’اس ٹورنامنٹ کا پاکستان میں مکمل انعقاد ہمیشہ سے ہماری ترجیح رہی ہے تاہم چند غیرمعمولی حالات کے پیش نظر ہمیں اس ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز ابو ظبی منتقل کرنا پڑے ہیں، پاکستان سپر لیگ 7 کا مکمل انعقاد پاکستان میں کرنا ہی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ متحدہ عرب امارت اور پاکستان کی حکومتوں کے تعاون کے مشکور ہیں۔ ایمریٹس کرکٹ بورڈ، ابوظبی سپورٹس کونسل اور تمام فرنچائز مالکان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جو ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔‘

ابوظبی سپورٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری عارف ال اعوانی کا کہنا ہے کہ ’پاکستان سپر لیگ 6 کی میزبانی ابو ظبی اور اس کی سپورٹس سہولیات کے فروغ میں بہت اہم  ثابت ہوگی، پی سی بی اور احسان مانی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے اور خوش آئند ہیں، جس کی بدولت ہمیں حکومت کی طرف سے تمام حل طلب معاملات پر چھوٹ کی منظوری ملی۔‘
ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خالد الظارونی کا کہنا ہے کہ ’ای سی بی کو ایک بار پھر پی ایس ایل کے میچز کی یو اے ای میں میزبانی پر خوشی ہے، یہ وہی جگہ ہے کہ جہاں سے 6 سال قبل اس لیگ کا آغاز ہوا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس مرتبہ یہ تمام میچز ابو ظبی میں کھیلے جائیں گے جہاں عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں، گو کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں تاہم ای سی بی اپنے چیئرمین شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی سربراہی میں اس ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے  پی سی بی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

شیئر: