Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی، ہفتے میں 529 اموات

پاکستان میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ ایک فیصد ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے تاہم مثبت کیسز میں کمی آئی ہے۔
اتوار کو سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ویکسینیشن کرائیں۔
کورونا کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 529 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 76 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 265 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ ایک فیصد ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 427 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 629 مثبت آئے۔
ملک میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 47 ہزار 764 ہے۔ 
اتوار کو سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے شہریوں کا تعاون نہایت ضروری ہے اور ہر شہری کو ویکسینیشن کے لیے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سکول کھولنے کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ ویکسین لگوائیں۔
وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ حکومت کی مدد کریں تاکہ بحالی کی طرف جائیں۔
ادھر لاہور میں پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ صوبے میں کورونا کے مثبت کے کیسز کی شرح کم ہور کر دو فیصد رہ گئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کئی پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی اور ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

پاکستان میں چینی ویکسین کے علاوہ آسٹرازینیکا بھی شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے دو اضلاع میں کورونا کی صورتحال ذرا پریشان کن ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح خانیوال میں آٹھ فیصد اور وہاڑی میں دس فیصد ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام ویکسینیشن ضرور کرائیں اور ویکسین کے حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ’ویکسینیشن کا کوئی نقصان ہوتا تو حکومت عوام کو ضرور آگاہ کرتی۔‘
دوسری جانب بلوچستان میں محکمہ صحت نے کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ چار دنوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد سے بڑھ گئی۔
ملک میں کورونا سے حفاظت کے لیے ویکسنیشن مہم جاری ہے اور روزانہ لاکھوں کی تعداد میں شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں دو لاکھ 55 ہزار افراد کی ویکسینیشن کرائی گئی جبکہ مجموعی طور پر ملک میں 85 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگوائی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے صوبہ سندھ میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اگلے ماہ روک دی جائے گی۔

شیئر: